بھارتی میڈیا کے مطابق پولیس کا کہنا ہے کہ وینکٹیش نامی شخص نے مبینہ طور پر گھریلو تنازع کے دوران اپنی اہلیہ تروینی کو بچوں کے سامنے آگ لگا دی۔ واقعے کے وقت گھر میں دونوں کے بچے بھی موجود تھے۔
پولیس نے کہا کہ میاں بیوی کے درمیان کافی عرصے سے اختلافات چل رہے تھے۔ خاتون کچھ عرصہ قبل ناراض ہو کر والدین کے گھر چلی گئی تھی تاہم بعد ازاں شوہر اسے واپس لے آیا۔ چند روز بعد دونوں کے درمیان دوبارہ جھگڑا ہوا جو شدت اختیار کرگیا۔
مزید پڑھیں: جاپان نے تاریخ کا سب سے بڑا دفاعی بجٹ منظور کرلیا، وجہ کیا بنی؟
اطلاعات کے مطابق واقعے کے دوران بیٹی نے ماں کو بچانے کی کوشش کی جس کے نتیجے میں وہ بھی جھلس گئی۔ پڑوسیوں کی اطلاع پر ماں اور بیٹی کو اسپتال منتقل کیا گیا، تاہم خاتون جانبر نہ ہو سکیں جبکہ بچی کو طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔
پولیس کامزید کہنا ہے کہ واقعے کے بعد ملزم فرار ہوگیا تھا جسے بعد ازاں 12 گھنٹوں کی کارروائی کے بعد گرفتار کر لیا گیا ہے۔ واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔







