تفصیلات کے مطابق واشنگٹن میں آئندہ سال ہونے والے فیفا مینز ورلڈ کپ 2026 کے گروپ ڈراز کے دوران ٹرمپ کو فیفا کے پہلے امن انعام کا فاتح قرار دیا گیاہے۔

 واضح رہے کہ فٹ بال کا میگا ایونٹ 2026 میں امریکہ، کینیڈا اور میکسیکو مشترکہ طور پر میزبان ہوں گے۔

ایوارڈ وصول کرنے کے بعد ٹرمپ نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ دنیا اب محفوظ ہاتھوں میں ہے۔ یہ واقعی میری زندگی کے سب سے بڑے اعزازات میں سے ایک ہے۔

ٹرمپ گزشتہ کئی برسوں سے نوبل امن انعام کے لیے کھلے عام مہم چلا رہے تھے تاہم وہ اسے جیتنے میں ناکام رہے۔

انہوں نے دعویٰ کیا تھا کہ مختلف بین الاقوامی امن معاہدوں میں ان کے کردار کی وجہ سے انہیں نوبل ایوارڈ ملنا چاہیے، جن میں ان کے بقول اسرائیل، فلسطین اور انڈیا-پاکستان کے درمیان امن کی کوششیں بھی شامل ہیں۔

تقریب کے دوران فیفا کے صدر گیانی انفینٹینو نے ٹرمپ کو ایوارڈ پیش کیا اور کہاکہ یہ آپ کا انعام ہے، یہ آپ کا امن انعام ہے۔ آپ نے دنیا بھر میں امن اور اتحاد کو فروغ دینے کے لیے غیر معمولی کام کیے ہیں۔

فیفا نے بیان میں کہا کہ یہ ایوارڈ ایسے افراد کو دیا جاتا ہے جو اپنے غیر متزلزل عزم اور غیر معمولی اقدامات کے ذریعے دنیا کو امن، اتحاد اور باہمی تعاون کی طرف لے جائیں۔ انفینٹینو نے تقریب میں مختلف ممالک کے درمیان ہونے والے امن معاہدوں اور ان میں ٹرمپ کے مبینہ کردار کا بھی ذکر کیا۔

ایوارڈ کی تقریب میں ٹرمپ نے اپنے گلے میں سونے کا خصوصی میڈل پہنا، جب کہ انہیں ایک سنہری ٹرافی بھی دی گئی جس پر اُن کا نام کندہ تھا۔ ٹرافی کا ڈیزائن فیفا ورلڈ کپ ٹرافی سے ملتا جلتا تھا، جس میں ہاتھوں میں دنیا کو تھامے ہوئے دکھایا گیا ہے۔