میڈیا رپورٹس کے مطابق جرمن پارلیمنٹ نے اسرائیل سے ایرو تھری میزائل دفاعی نظام کی خریداری کے معاہدے میں تین ارب 10 کروڑ ڈالر کی توسیع کی منظوری دے دی ہے۔ اس منظوری کے بعد دونوں ممالک کے درمیان طے شدہ دفاعی معاہدے کی مجموعی مالیت تقریباًچھ ارب 50 کروڑ ڈالر تک پہنچ گئی ہے۔
اسرائیلی وزارت دفاع کے مطابق یہ نیا معاہدہ تقریباً دو سال قبل اسرائیل اور جرمنی کے درمیان ہونے والے ابتدائی معاہدے کا تسلسل ہے، جس کی مالیت اس وقت تقریباً تین ارب 50 کروڑ ڈالر تھی۔ وزارت دفاع کا کہنا ہے کہ نئی توسیع کے بعد یہ معاہدہ اسرائیل کی تاریخ کا سب سے بڑا دفاعی برآمدی معاہدہ بن گیا ہے۔
اسرائیلی وزارت دفاع کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ایرو تھری میزائل دفاعی نظام جرمنی کے فضائی دفاع کو نمایاں طور پر مضبوط کرے گا اور یہ معاہدہ دونوں ممالک کے درمیان اسٹریٹجک اور دفاعی تعاون کو مزید فروغ دے گا۔
یاد رہے کہ امریکا کے بعد جرمنی اسرائیل کو اسلحہ فراہم کرنے والا دوسرا بڑا ملک ہے۔ جرمن حکومت نے 17 نومبر کو اسرائیل کو اسلحے کی برآمدات پر عائد پابندیاں ختم کرنے کا اعلان کیا تھا۔ جرمن حکام کے مطابق غزہ میں نسبتاً مستحکم جنگ بندی اور خطے میں حالیہ سفارتی پیش رفت کے بعد یہ فیصلہ کیا گیا۔






