عالمی خبر رساں اداروں کے مطابق یہ واقعہ پیرس کے مغرب میں واقع ایک فوجی تربیت گاہ میں پیش آیا، جہاں چار فوجی اہلکار فارغ وقت میں ایک تربیتی نوعیت کا کھیل کھیل رہے تھے۔ اس کھیل میں ساتھی اہلکار کو غیر مسلح کرنے کی مشق کی جاتی ہے اور عموماً یہ سرگرمی بغیر بھری ہوئی اسلحہ کے انجام دی جاتی ہے۔
رپورٹس کے مطابق ایک پستول میں گولی موجود تھی جس کا علم اہلکاروں کو نہیں تھا۔ مبینہ طور پر اہلکار شراب کے نشے میں بھی تھے۔ کھیل کے دوران ایک فوجی نے پستول کو خالی سمجھتے ہوئے فائر کر دیا، جس سے گولی دوسرے اہلکار کے سر میں جا لگی۔
French soldier dies after being shot in head during game with other soldiers https://t.co/7emYYtwdln
— BBC News (World) (@BBCWorld) February 20, 2026
گولی لگنے سے 20 سالہ فرانسیسی فوجی الیگزینڈر لینکبین شدید زخمی ہو گئے۔ انہیں فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا، تاہم وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے۔
پیرس کے فوجی گورنر نے واقعے پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مرحوم کے اہل خانہ کو مکمل تعاون اور مدد فراہم کی جائے گی۔
فرانسیسی میڈیا کے مطابق واقعے کے بعد تین دیگر فوجیوں کو پیرس کی عدالت میں پیش کیا گیا۔ ایک اہلکار پر اسلحہ کے استعمال سے شدید جسمانی نقصان پہنچانے اور شراب نوشی کے باعث ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کا الزام عائد کیا گیا ہے۔
دیگر دو اہلکاروں پر غیر ارادی طور پر جسمانی نقصان پہنچانے، حفاظتی قوانین کی دانستہ خلاف ورزی کرنے اور جائے وقوعہ میں رد و بدل کے ذریعے انصاف کے عمل میں رکاوٹ ڈالنے کے الزامات عائد کیے گئے ہیں, جب کہ واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔






