انڈیا کی ریاست مغربی بنگال کے شہر کُولکتہ میں بارشوں کا 39 سال پرانا ریکارڈ ٹوٹ گیا۔

گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں ہونے والی بارش سے کم از کم 10 افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔ ان میں سے نو اموت بارش کے بعد کھڑے پانی میں کرنٹ لگنے کے باعث ہوئی ہیں۔

24 گھنٹوں سے بھی کم وقت میں 251.4 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ہے جو کہ 1986 کے بعد ریکارڈ کی گئی سب زیادہ بارش ہے۔

شہر اور اس کے مضافاتی علاقوں میں منگل کی رات سے شروع ہونے والی شدید بارشوں کے باعث پانی کھڑا ہے۔

شہر کی کئی اہم سڑکیں پانی میں ڈوبی ہوئی ہیں اور ٹرین سروس میں بھی خلل پڑا ہے جس کے باعث مسافروں کو گہرے پانی سے گزرنا پڑ رہا ہے۔

یہ بھی پڑھیں : متحدہ عرب امارات نے افغانستان سمیت نو ملکوں کے لیے ویزے معطل کر دئیے، وجہ کیا بنی؟

انڈین میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کولکتہ کے میئر فرہاد حکیم کا کہنا تھا کہ شہر کے زیادہ تر حصے پانی میں ڈوب گئے ہیں اور کولکتہ میونسپل کارپوریشن کی ٹیمیں پانی کو نکالنے کے لیے چوبیس گھنٹے کام کر رہی ہیں۔

اُن کا مزید کہنا تھا کہ ُان کے افسران محنت کر رہے ہیں۔ لیکن نہریں اور ندیاں پانی سے بھری ہوئی ہیں اور جب بھی پانی نکالا جاتا ہے، شہر کے اندر زیادہ پانی آتا ہے۔

انڈیا کے محکمہ موسمیات کا کہنا ہے بارشیں شمال مشرقی خلیج بنگال میں بننے والے ہوا کے کم دباؤ کے نتیجے میں ہوئی ہیں، جس کے نتیجے میں اتنا نقصان ہوا ہے