غیر ملکی خبررساں اداروں کے مطابق سیسنا کیراوان طرز کا طیارہ ساحلی شہر دیانی سے ماسائی مارا نیشنل ریزرو کے لیے روانہ ہوا تھا لیکن پرواز کے چند منٹ بعد پہاڑی اور جنگلاتی علاقے میں گر کر تباہ ہوگیا۔

کوالی کاؤنٹی کے کمشنر اسٹیفن اورینڈے نے بتایا کہ طیارے میں سوار تمام مسافر غیر ملکی سیاح تھے۔ ایئرلائن مونباسا ایئر سفاری کے مطابق حادثے میں آٹھ ہنگری، دو جرمن شہری اور ایک کینین پائلٹ ہلاک ہوئے۔

حکام کا کہنا ہے کہ پرواز صبح 5 بج کر 30 منٹ پر روانہ ہوئی تھی، لیکن ٹیک آف کے بعد پائلٹ کی کنٹرول ٹاور سے کوئی رابطہ نہیں ہوا۔ تقریباً 30 منٹ کی تلاش کے بعد طیارے کا ملبہ ملا، جو مکمل طور پر جل چکا تھا۔

عینی شاہدین کے مطابق انہوں نے ایک زور دار دھماکے کی آواز سنی اور موقع پر پہنچنے پر ملبہ جلا ہوا تھا اور لاشیں ناقابل شناخت تھیں۔

کینیا سول ایوی ایشن اتھارٹی نے تصدیق کی ہے کہ طیارے میں 12 افراد سوار تھے، تاہم ابتدائی طور پر ہلاکتوں کی تعداد میں ابہام پایا گیا۔ حادثے کے وقت علاقے میں تیز بارش ہو رہی تھی، جب کہ واقعے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔

واضح رہے کہ ماسائی مارا نیشنل ریزرو کینیا کا معروف سیاحتی مقام ہے، جہاں ہر سال تنزانیہ سے جنگلی جانوروں کی ہجرت دنیا بھر کے سیاحوں کو اپنی جانب کھینچتی ہے۔