عالمی خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق فرانسیسی ریڈیو آر ٹی ایل نے رپورٹ کیا ہے کہ میوزیم نے گزشتہ ہفتے ہونے والی بڑی چوری کے بعد اپنے قیمتی زیورات کو مزید تحفظ کے لیے مرکزی بینک کے زیرِ زمین خزانے میں منتقل کیا۔
ذرائع کے مطابق یہ منتقلی میوزیم کی اپالو گیلری سے کی گئی، جہاں فرانسیسی شاہی تاج کے نایاب زیورات رکھے گئے ہیں۔ قیمتی اشیا کی منتقلی جمعہ کے روز خفیہ پولیس نگرانی میں انجام دی گئی۔
فرانس کا مرکزی بینک، جو ملک کے سونے کے ذخائر کو زمین سے تقریباً 27 میٹر (88 فٹ) نیچے ایک وسیع تہہ خانے میں محفوظ رکھتا ہے، دریائے سین کے دائیں کنارے پر واقع ہے اور لوور میوزیم سے صرف 500 میٹر کے فاصلے پر ہے۔
یاد رہے کہ 19 اکتوبر کو چوروں نے لوور کے ذخیرے سے آٹھ قیمتی نوادرات چرا لیے تھے، جن کی مالیت تقریباً 10 کروڑ 20 لاکھ ڈالر بتائی جاتی ہے۔ رپورٹ کے مطابق چور کرین کے ذریعے بالائی منزل کی کھڑکی توڑ کر اندر داخل ہوئے اور کارروائی کے بعد موٹر سائیکلوں پر فرار ہو گئے۔
یہ واقعہ نہ صرف دنیا کے سب سے زیادہ دیکھے جانے والے میوزیم کے لیے ایک بڑا دھچکا سمجھا جا رہا ہے بلکہ فرانس میں اسے قومی شرمندگی کے طور پر بھی دیکھا جا رہا ہے۔






