بحرین کی دفاعی فورس کی جنرل کمانڈ نے دعویٰ کیا ہے کہ ’ایران نے ایک بار پھر بحرین میں شہری علاقوں کو نشانہ بنانے کی کوشش کی، تاہم بحرینی فضائی دفاعی نظام نے تمام حملوں کو ناکام بنا دیا ہے۔‘

اتوار کے روز بحرین کی دفاعی افواج کے ایکس اکاؤنٹ پر جاری ہونے والے بیان میں جنرل کمانڈ نے کہا کہ ’بحرین کی دفاعی فورس کے فضائی دفاعی نظام نے مکمل جنگی تیاری اور اعلیٰ دفاعی صلاحیت کا مظاہرہ کرتے ہوئے متعدد ایرانی میزائل اور ڈرون حملوں کو فضا ہی میں تباہ کر دیا۔‘

بیان کے مطابق ’بحرین کی تمام دفاعی یونٹس اور ہتھیار ملک کے تحفظ کے لیے اعلیٰ ترین سطح کی تیاری اور دفاعی الرٹ پر موجود ہیں۔‘

بحرینی فوج نے شہریوں اور رہائشیوں سے اپیل کی ہے کہ ’حملوں کے بعد گرنے والی کسی بھی مشتبہ یا نامعلوم چیز کے قریب نہ جائیں اور ایسی اشیا کی فوری اطلاع متعلقہ حکام کو دیں۔‘

بی بی سی کی رپورٹ کے مطابق جنرل کمانڈ نے بتایا کہ ’رائل فیلڈ انجینئرنگ یونٹ کی ٹیمیں مکمل طور پر تیار ہیں اور کسی بھی مشتبہ ملبے یا دھماکا خیز مواد کو محفوظ طریقے سے تلف کرنے کے لیے اقدامات کر رہی ہیں تاکہ شہریوں اور رہائشیوں کی حفاظت یقینی بنائی جا سکے۔‘

بیان میں مزید کہا گیا کہ ’شہریوں اور نجی املاک کو میزائلوں اور ڈرونز کے ذریعے جان بوجھ کر نشانہ بنانا بین الاقوامی انسانی قانون کی کھلی خلاف ورزی ہے۔‘

دوسری جانب ایرانی پاسدارانِ انقلاب نے دعویٰ کیا ہے مُلک کے جنوبی شہر اہواز میں فضائی دفاعی نظام نے ایک امریکی ’ایم کیو نائن‘ ڈرون مار گرایا ہے۔

سرکاری خبر رساں ادارے ارنا کے مطابق ’یہ ڈرون پاسدارانِ انقلاب کی ایرو سپیس فورس کے جدید فضائی دفاعی نظام نے، جو ملک کے مربوط فضائی دفاعی نیٹ ورک کے تحت کام کرتا ہے نے نشانہ بنایا۔‘

ایرانی ذرائع ابلاغ نے ایک ویڈیو بھی جاری کی ہے جس میں فضائی دفاعی نظام کو ایک فضائی ہدف پر حملہ کرتے ہوئے دکھانے کا دعویٰ کیا گیا ہے۔ تاہم ایسی تصاویر بھی شائع کی گئی ہیں جن کے بارے میں کہا جا رہا ہے کہ ان میں تباہ ہونے والے ڈرون کا ملبہ دکھایا گیا ہے۔