گفتگو کے دوران شیخ عبداللہ بن زاید النہیان نے ایران اور امریکا کے درمیان طے پانے والی مفاہمتی یادداشت کی تمام شقوں پر مکمل عمل درآمد کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ خطے میں کشیدگی کے خاتمے اور امن و استحکام کے قیام کے لیے تمام فریقین کو اپنے وعدوں کی پاسداری کرنی چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ ریاستوں کی خودمختاری کا احترام، حسنِ ہمسائیگی کے اصولوں کی پابندی، بین الاقوامی قوانین پر سختی سے عمل درآمد اور سمندری راستوں کا تحفظ انتہائی اہم ہے۔

انہوں نے بالخصوص آبنائے ہرمز میں عالمی بحری آمد و رفت کی آزادی اور بلا رکاوٹ نقل و حرکت کو یقینی بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔

اماراتی وزیر خارجہ نے اس امید کا اظہار بھی کیا کہ امریکا اور ایران کے درمیان جاری مذاکرات مثبت نتائج کی جانب بڑھیں گے اور ان کے ذریعے خطے میں پائیدار امن اور استحکام کے لیے راہ ہموار ہوگی۔

شیخ عبداللہ بن زاید النہیان نے مزید کہا کہ سنجیدہ سفارت کاری، تعمیری مکالمہ اور ذمہ دارانہ مذاکرات ہی علاقائی اور عالمی تنازعات کے پائیدار حل کا مؤثر ذریعہ ثابت ہو سکتے ہیں۔