سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری بیان میں صدر متحدہ عرب امارات شیخ محمد بن زاید النہیان نے کہا کہ آج اسلام آباد میں وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات میں مختلف شعبوں میں تعاون مزید مضبوط کرنے کے لیے تبادلۂ خیال کیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ ملاقات میں متحدہ عرب امارات اور پاکستان کے درمیان تعاون کے مختلف پہلوؤں، بالخصوص اقتصادی، سرمایہ کاری اور ترقیاتی شعبوں میں تعاون اور اسے مزید مضبوط بنانے کے طریقوں پر گفتگو کی گئی تاکہ دونوں ممالک کے عوام کے لیے ترقی اور خوش حالی یقینی بنائی جا سکے۔
محمد بن زاید نے کہا کہ متحدہ عرب امارات اور پاکستان کے تعلقات تاریخی نوعیت کے حامل ہیں اور امارات دونوں ممالک کے درمیان تعمیری تعاون کو مزید فروغ دینے کا خواہاں ہے۔
آج اسلام آباد میں وزیرِاعظم جناب محمد شہباز شریف سے ملاقات میں متحدہ عرب امارات اور پاکستان کے درمیان تعاون کے مختلف پہلوؤں، بالخصوص اقتصادی، سرمایہ کاری اور ترقیاتی شعبوں میں تعاون اور اسے مزید مضبوط بنانے کے طریقوں پر تبادلۂ خیال کیا، تاکہ دونوں ممالک کے عوام کے لیے ترقی اور… pic.twitter.com/qeeWXfQ9BK
— محمد بن زايد (@MohamedBinZayed) December 26, 2025
متحدہ عرب امارات کے صدر محمد بن زاید النہیان نے دورۂ پاکستان کے دوران صدر مملکت، وزیراعظم اور چیف آف ڈیفنس فورسز سے ملاقاتیں کیں اور مختلف امور پر تبادلۂ خیال کیا۔
شیخ محمد بن زاید اور وزیراعظم شہباز شریف کے درمیان تفصیلی ملاقات میں پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان دیرینہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے پر بات چیت ہوئی اور جاری تعاون کا بھی جائزہ لیا گیا۔ اس دوران معاشی تعاون، سرمایہ کاری، توانائی، انفرااسٹرکچر کی ترقی، آئی ٹی، ٹیکنالوجی اور عوامی روابط کے فروغ کی اہمیت پر زور دیا گیا۔
ملاقات میں علاقائی اور عالمی امور پر بھی گفتگو کی گئی اور باہمی دلچسپی کے معاملات پر قریبی رابطہ اور تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔






