سرکاری خبررساں ایجنسی اے پی پی کے مطابق وینزویلا کی وزارتِ خارجہ نے اپنے سخت بیان میں امریکا کو نوآبادیاتی خطرہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ واشنگٹن حکومت وینزویلا کی فضائی اور علاقائی خودمختاری کو چیلنج کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔
بیان میں کہا گیا کہ امریکی رویہ نیا اشتعال انگیز، غیر قانونی اور بلاجواز حملہ ہے جو وینزویلا کے عوام کے خلاف کیا جا رہا ہے۔
واضح رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا یہ اعلان اس وقت سامنے آیا ہے جب امریکا نے بحیرہ کیریبین میں بڑی تعداد میں فوجی تعینات کر کے وینزویلا پر دباؤ مزید بڑھا دیا ہے۔
وینزویلا کی وزارتِ خارجہ نے ٹرمپ کے سوشل میڈیا پیغام کو سختی سے مسترد کرتے ہوئے کہا کہ امریکی قیادت غیر معمولی انداز میں ایسے احکامات جاری کر رہی ہے جو وینزویلا کی قومی فضائی حدود، علاقائی سلامتی، فضائی سکیورٹی اور ریاستی خودمختاری کے لیے واضح خطرہ ہیں۔
مزید پڑھیں: دو سال میں اسرائیلی فورسز اور آبادکاروں نے مقبوضہ مغربی کنارے میں ایک ہزار سے زائد فلسطینیوں کو شہید کیا، اقوام متحدہ
بیان میں کہا گیا کہ اس نوعیت کے یکطرفہ اور جارحانہ اقدامات بین الاقوامی قانون کے بنیادی اصولوں کے خلاف ہیں اور واشنگٹن کی جانب سے وینزویلا کے خلاف جاری مسلسل دباؤ کا حصہ ہیں۔
حکومت نے ٹرمپ کے بیان کو لاطینی امریکا کے خلاف نوآبادیاتی سوچ کی جھلک قرار دیتے ہوئے واضح کیا کہ وینزویلا کسی بیرونی ڈکٹیشن کو قبول نہیں کرے گا۔ وینزویلا نے واضح کیا کہ اس کی فضائی حدود کا احترام لازم ہے اور ملک کسی بھی بیرونی خطرے کو برداشت نہیں کرے گا۔







