ایرانی خبر رساں ایجنسی فارس کے مطابق پاسداران انقلاب کا کہنا ہے کہ اردن کے الازرق ایئربیس پر کیے گئے حملے میں تین ایف-35 اسٹیلتھ جنگی طیارے مکمل طور پر تباہ ہو گئے، جبکہ مزید تین طیاروں کو شدید نقصان پہنچا۔ بیان کے مطابق حملے میں بیلسٹک میزائل استعمال کیے گئے جنہوں نے بیس کے مینٹیننس ہینگر اور ڈیولپمنٹ ریمپ کو نشانہ بنایا۔

پاسداران انقلاب نے ایک اور بیان میں دعویٰ کیا کہ کویت کے علی ال سلیم ایئربیس پر حملے کے دوران امریکی فوج کے متعدد ہیلی کاپٹرز تباہ ہوئے، جبکہ دو ڈرون ہینگرز اور ایک ایندھن کا ذخیرہ بھی آگ لگنے سے تباہ ہو گیا۔

دوسری جانب خلیج تعاون کونسل (جی سی سی) نے کویت اور اردن پر ایرانی حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے انہیں دونوں ممالک کی خودمختاری اور بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی قرار دیا ہے۔

جی سی سی کے سیکریٹری جنرل جسیم محمد البداوی نے کہا کہ یہ حملے خطے کے امن اور استحکام کے لیے سنگین خطرہ ہیں۔ انہوں نے کویت اور اردن کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے ان کی سلامتی اور خودمختاری کے تحفظ کے لیے بھرپور تعاون کی یقین دہانی بھی کرائی۔