سب سے بڑے اجتماعات مکہ مکرمہ کی مسجد الحرام اور مدینہ منورہ کی مسجد نبوی میں منعقد ہو رہے ہیں جہاں لاکھوں فرزندانِ توحید نمازِ عید ادا کر رہے ہیں۔
خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے دنیا بھر کے مسلمانوں کو عیدالفطر کی مبارکباد دیتے ہوئے عالمی امن و استحکام کے لیے کوششیں جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا اور امت مسلمہ کے لیے امن، سلامتی اور خوشحالی کی دعا کی۔
خلیجی ممالک کے علاوہ ترکیہ، لبنان، یمن، فلسطین اور عراق میں بھی آج عید منائی جا رہی ہے۔ آسٹریلیا میں بھی عید کے موقع پر تقریبات کا اہتمام کیا گیا، جہاں وزیراعظم انتھونی البانیسی سڈنی کی مسجد میں گئے اور مسلمانوں کو مبارکباد دی۔ اسی طرح امریکا اور برطانیہ سمیت یورپ کے کئی ممالک میں بھی آج عیدالفطر منائی جا رہی ہے۔
لندن میں چاند رات کی بڑی اور رنگارنگ تقریبات دیکھنے میں آئیں، جہاں مہندی، چوڑیوں، ملبوسات، جیولری اور کھانوں کے اسٹالز پر رش رہا اور مسلم کمیونٹی نے بھرپور انداز میں جشن منایا۔
دوسری جانب بھارت، بنگلادیش، سری لنکا، ملائیشیا اور انڈونیشیا میں شوال کا چاند نظر نہ آنے کے باعث عیدالفطر کل منائی جائے گی۔







