عالمی خبر رساں ایجنسی رائٹرز کے مطابق امریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے وائٹ ہاؤس کے مشرقی حصے کو گرا کر وہاں ایک نیا اور شاندار بال روم تعمیر کرنے کا اعلان کیا ہے۔ یہ منصوبہ وائٹ ہاؤس کی حدود کو جدید تقاضوں کے مطابق بہتر بنانے اور بڑی تقریبات کے لیے موزوں جگہ فراہم کرنے کے لیے تیار کیا گیا ہے۔
یہ مشرقی حصہ وائٹ ہاؤس کے اہم ترین حصوں میں سے ایک ہے جس میں کئی سرکاری دفاتر، ایک تھیٹر اور غیر ملکی مہمانوں کے استقبال کے لیے مخصوص دروازہ شامل تھا۔ صدر ٹرمپ کے مطابق اس جگہ اب ایک نیا بال روم بنایا جائے گا جس میں 999 مہمانوں کی گنجائش ہوگی۔
رپورٹ کے مطابق منصوبے پر 250 ملین ڈالر لاگت آئے گی جسے ٹرمپ اپنے ذاتی وسائل اور چند عطیات کے ذریعے پورا کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ نیا بال روم موجودہ عمارت سے الگ لیکن قریب ہوگا اور وائٹ ہاؤس کی تاریخی خوبصورتی کو متاثر نہیں کرے گا۔
ٹرمپ کے مطابق مہمانوں کو مشرقی کمرے میں کاک ٹیل پیش کیے جائیں گے جہاں سے وہ واشنگٹن یادگار کا منظر دیکھتے ہوئے نئے بال روم کی طرف جائیں گے۔
یاد رہے کہ یہ پہلا موقع نہیں کہ ٹرمپ نے وائٹ ہاؤس میں تبدیلیاں کی ہوں۔ اپنی صدارت کے دوران انہوں نے اوول آفس کی تزئین نو میں سونے کے زیورات کا انتخاب کیا اور روز گارڈن کو اپنے گولف کلبز کے انداز میں ڈیزائن کرایا تھا۔
واضع رہے کہ تجزیہ کاروں کے مطابق مشرقی حصے کی تجدید وائٹ ہاؤس کی تاریخ میں ایک نیا باب ثابت ہوگی۔ یہ منصوبہ تاریخی وراثت کو برقرار رکھتے ہوئے جدید دور کے تقاضوں کے مطابق وائٹ ہاؤس کی فعالیت اور دلکشی کو بڑھائے گا۔






