ایرانی میڈیا کے مطابق صدر پزشکیان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ امریکا اور اس کے اتحادیوں کی جانب سے عائد غیر انسانی پابندیاں اور مسلسل دشمنی ایرانی عوام کے معاشی مسائل کی بنیادی وجوہات ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ سپریم لیڈر پر حملہ صرف ایک شخصیت پر نہیں بلکہ پوری قوم پر حملے کے مترادف ہے۔

اس سے قبل سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای نے ایک بیان میں کہا تھا کہ حالیہ ہنگاموں اور اس دوران ہونے والی ہلاکتوں کے اصل ذمہ دار سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ ہیں۔ ان کے مطابق غیر ملکی عناصر سے منسلک افراد نے ایران میں تباہی اور قتل و غارت گری کی۔

ادھر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک انٹرویو میں آیت اللہ خامنہ ای کی قیادت کے خاتمے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا تھا کہ ایران میں نئی قیادت کی تلاش کا وقت آ گیا ہے۔

یاد رہے کہ گزشتہ ماہ کے آخر میں ایران میں تاجروں کے پرامن احتجاج نے اُس وقت شدت اختیار کی جب فسادیوں نے مختلف شہروں میں ہنگامہ آرائی، سرکاری املاک کو نقصان اور سکیورٹی اہلکاروں سمیت شہریوں کو نشانہ بنایا۔

ایران نے الزام عائد کیا ہے کہ امریکا اور اسرائیل مظاہرین کی پشت پناہی کر رہے تھے اور بیرونی خفیہ ایجنسیوں نے تخریب کاروں کی مدد کی۔