نجی نشریاتی ادارے جیو نیوز کے مطابق اسلام آباد میں پاک ایران وزارت اطلاعات و نشریات کے درمیان مفاہمتی یادداشت پر دستخط کی تقریب کے موقع پر ایرانی سفیر رضا امیری مقدم نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور ایران کے تعلقات ایک نئے اور مضبوط مرحلے میں داخل ہوچکے ہیں۔ دونوں ممالک کے درمیان بڑھتا ہوا تعاون خوش آئند ہے۔

ایرانی سفیر نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کے کردار اور مسلسل تعاون پر تہہ دل سے شکریہ ادا کرتے ہیں۔ چند ماہ قبل ایرانی صدر کے دورۂ پاکستان نے تعلقات کا نیا باب رقم کیا، پاکستان کے عوام اور حکومت نے ہر مشکل گھڑی میں ایران کا ساتھ دیا۔

ان کا کہنا تھا کہ صیہونی جارحیت کے مقابلے میں پاکستان کا فیصلہ کن کردار قابلِ تحسین ہے، ایران کے عوام پاکستان کی دوستی اور بھائی چارے کو ہمیشہ یاد رکھیں گے۔

ایرانی سفیر نے کہا کہ آج ہونے والے معاہدے پاک ایران تعاون کے فروغ میں سنگ میل ثابت ہوں گے۔

تقریب سے وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے بھی خطاب کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ایرانی صدر کا حالیہ دورۂ پاکستان دونوں ممالک کے درمیان گہرے بھائی چارے اور مضبوط تعلقات کا عکاس ہے۔ صدر مسعود پزشکیان کے دورۂ پاکستان سے دو طرفہ تعلقات میں نئی راہیں کھلی ہیں۔

عطا تارڑ نے کہا کہ ایران پر جارحیت کے دوران پاکستان کے عوام نے ایران سے بھرپور یکجہتی کا اظہار کیا۔ پاکستان اور ایران نے گزشتہ برسوں میں ثابت کیا کہ دونوں اقوام باہمت، ثابت قدم اور اصولی مؤقف رکھنے والی ہیں۔

مزید پڑھیں: وینزویلا پر ممکنہ امریکی حملہ،  صدر نکولس مادورو کے دن گنے جاچکے ہیں  ٹرمپ

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک کی فکری اور نظریاتی اساس مشترک ہے۔ پاکستانی میڈیا نے ایرانی قوم کے عزم و حوصلے کو دنیا کے سامنے اجاگر کیا۔ میڈیا کے شعبے میں باہمی تعاون سے ایک دوسرے کے تجربات سے سیکھنے اور تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کا موقع ملے گا۔