دونوں ممالک نے ہفتے کے روز جاری کیے گئے ایک مشترکہ بیان میں اس فیصلے کی تصدیق کی ہے۔
کمبوڈیا کی جانب سے جاری مشترکہ اعلامیے کے مطابق دونوں فریقین اس بات پر متفق ہوئے ہیں کہ 27 دسمبر 2025 کو دوپہر 12 بجے مقامی وقت کے مطابق جنگ بندی نافذ کر دی جائے گی۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ جنگ بندی کا اطلاق ہر قسم کے ہتھیاروں پر ہوگا اور اس کے دائرہ کار میں شہری آبادی، شہری تنصیبات، انفراسٹرکچر اور فوجی اہداف سب شامل ہوں گے۔ یہ پابندی تمام علاقوں میں اور ہر صورت میں نافذ العمل رہے گی۔
یہ اعلان تھائی لینڈ اور کمبوڈیا کی خصوصی جنرل بارڈر کمیٹی کی جانب سے کیا گیا، جس کا مقصد سرحدی کشیدگی میں کمی لانا اور مزید جانی و مالی نقصان کو روکنا ہے۔
واضح رہے کہ حالیہ ہفتوں کے دوران دونوں ممالک کے درمیان متنازع سرحدی علاقوں میں شدید جھڑپیں ہوئیں، جن کے نتیجے میں متعدد افراد ہلاک اور کئی زخمی ہوئے، جبکہ سرحدی علاقوں میں خوف و ہراس کی فضا قائم ہو گئی تھی۔
دونوں ممالک نے اس امید کا اظہار کیا ہے کہ جنگ بندی کے اس معاہدے سے خطے میں امن و استحکام بحال ہوگا اور مستقبل میں مسائل کو بات چیت کے ذریعے حل کرنے کی راہ ہموار ہو سکے گی۔







