ترک خبر ایجنسی انادولو کے مطابق، صدر رجب طیب اردوان نے دارالحکومت انقرہ میں ایک تقریب سے خطاب کے دوران افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سی-130 طیارہ آذربائیجان سے واپسی پر حادثے کا شکار ہوا ہے۔ ہماری امدادی ٹیمیں مقامی حکام کے ساتھ مل کر ریسکیو آپریشن میں مصروف ہیں۔ ہم اپنے شہداء کے لیے دعاگو ہیں۔
ترک وزارتِ دفاع کے بیان کے مطابق، جیورجیا کے حکام کے تعاون سے تلاش اور امدادی کارروائیاں شروع کر دی گئی ہیں۔
وزیرِ داخلہ علی یرلیکیا نے گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے بتایا کہ انہوں نے جیورجیا کے وزیرِ داخلہ سے رابطہ کیا ہے اور وہ جیورجیا کے وزیرِ داخلہ خود جائے حادثہ کی جانب روانہ ہو چکے ہیں۔
ترک صدارتی مواصلات کے ڈائریکٹر فرحتین آلتون نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ حادثے کے حوالے سے صرف سرکاری ذرائع سے جاری معلومات پر یقین کیا جائے اور غیر مصدقہ خبروں کے پھیلاؤ سے گریز کیا جائے۔
ابتدائی رپورٹس کے مطابق، طیارے میں سوار عملے یا فوجیوں کی تعداد کے بارے میں معلومات تاحال سامنے نہیں آئیں، تاہم جانی نقصان کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔







