اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ ایرانی عوام نے نہ صرف حالیہ 37 دنوں کے دوران بلکہ گزشتہ کئی دہائیوں میں یہ ثابت کیا ہے کہ وہ انتہائی محب وطن ہیں اور اپنے دشمنوں کا بھرپور جواب دینے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔

ترجمان نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی حالیہ دھمکیوں کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے انہیں  مجرمانہ ذہنیت  کا عکاس قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ کسی ملک کے اہم انفراسٹرکچر اور توانائی کے شعبے کو نشانہ بنانے کی دھمکی دینا دراصل پوری آبادی کو خطرے میں ڈالنے کے مترادف ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایسے بیانات نہ صرف جنگ کو ہوا دیتے ہیں بلکہ عالمی قوانین کے تحت  جنگی جرائم اور انسانیت کے خلاف جرائم  کے زمرے میں آ سکتے ہیں۔

خیال رہے کہ ایرانی ترجمان کا یہ بیان ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب امریکا اور ایران کے درمیان کشیدگی عروج پر ہے اور دونوں جانب سے سخت بیانات کا تبادلہ جاری ہے، جس سے خطے میں صورتحال مزید سنگین ہوتی جا رہی ہے۔