انگولا جاتے ہوئے پرواز میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے پوپ لیو نے کیمرون میں دیے گئے اپنے بیان پر وضاحت پیش کی، جس میں انہوں نے کہا تھا کہ دنیا چند آمروں کے ہاتھوں تباہ ہو رہی ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ یہ بیان کسی مخصوص شخصیت، خصوصاً ڈونلڈ ٹرمپ کے خلاف نہیں تھا، بلکہ ایک عمومی تناظر میں دیا گیا تھا۔
پوپ لیو کا کہنا تھا کہ ان کے بیان کی میڈیا کوریج ہر پہلو سے درست نہیں تھی اور اسے غلط انداز میں پیش کیا گیا جس سے غیر ضروری تنازع پیدا ہوا۔
انہوں نے مزید بتایا کہ مذکورہ تقریر دو ہفتے پہلے تیار کی گئی تھی، اس وقت جب امریکی صدر کی جانب سے ان کے یا ان کے امن کے پیغام پر کوئی تبصرہ سامنے نہیں آیا تھا۔
خیال رہے کہ یہ پیش رفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب پوپ لیو افریقی ممالک کے 10 روزہ دورے پر ہیں، جہاں وہ امن، انصاف اور عالمی عدم استحکام جیسے موضوعات پر زور دے رہے ہیں۔
مزید پڑھیں: ایران سے متعلق اچھی خبر آ رہی ہے، کل کسی ’سرپرائز‘ کا امکان موجود ہے، صدر ٹرمپ
تجزیہ کاروں کے مطابق پوپ کی یہ وضاحت کشیدگی کم کرنے کی کوشش ہے، جب کہ عالمی سطح پر مذہبی اور سیاسی قیادت کے بیانات کو کس طرح پیش کیا جاتا ہے، اس پر بھی سوالات اٹھ رہے ہیں۔







