غیر ملکی میڈیا کے مطابق، جمعے کے روز ایک یوکرینی ڈرون نے گروزنی کی ایک بلند عمارت کو نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں عمارت کو جزوی نقصان پہنچا، تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

رمضان قادریوف نے ٹیلیگرام پر جاری بیان میں کہا کہ عام شہری عمارتوں پر حملہ کرنے کا کوئی جواز نہیں بنتا۔ انہوں نے کہا کہ یوکرینی حملے کا جواب ضرور دیا جائے گا۔

ایک اور بیان میں قادریوف نے یوکرین کو سخت تنبیہ کرتے ہوئے کہا کہ کل سے ایک ہفتے تک یوکرینی فاشسٹ اس حملے کا سخت جواب محسوس کریں گے، مگر ہم ان کی طرح پرامن اہداف پر بزدلانہ حملے نہیں کریں گے۔

رپورٹس کے مطابق، یوکرین اس سے قبل بھی چیچنیا میں ڈرون حملے کر چکا ہے، جن میں پولیس بیرک اور فوجی تربیتی اکیڈمی پر حملے شامل ہیں۔

واضح رہے کہ رمضان قادریوف روس کے یوکرین پر حملے کے پرجوش حامی ہیں اور انہوں نے محاذِ جنگ پر چیچن فورسز بھی بھیج رکھی ہیں۔