یہ ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے مقبول ہوئی اور بعد ازاں خود رمیز راجہ نے بھی اسے ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر شیئر کیا۔ رمیز راجہ نے ممدانی کو مبارکباد دیتے ہوئے لکھا کہ مبارک ہو مسٹر ممدانی! کرکٹ کمنٹری کے مداح ہونے کا شکریہ۔ آپ نے سیدھے بیٹ سے کھیل کر اُن لوگوں کو بے نقاب کر دیا جو کھیل کو سمجھتے ہی نہیں، آپ پر فخر ہے۔
رمیز راجہ اور نیویارک کے نئے میئر کے درمیان اس خوشگوار تبادلے کو سوشل میڈیا صارفین نے بے حد سراہا۔ صارفین نے زوہران ممدانی کی جنوبی ایشیائی جڑوں سے وابستگی اور کرکٹ سے محبت کو قابلِ فخر قرار دیا۔
دوسری جانب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھی زوہران ممدانی کی کامیابی پر ردعمل دیا۔ میامی میں ایک جلسے سے خطاب کرتے ہوئے ٹرمپ نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ نیویارک کامیاب ہو، ہم تھوڑی بہت مدد کریں گے، مگر انہوں نے خبردار کیا کہ ممدانی کی قیادت میں نیویارک کمیونسٹ شہر بن سکتا ہے۔
ٹرمپ نے مزید کہا کہ امریکی عوام اب کمیونزم اور کامن سینس کے درمیان انتخاب کرنے جا رہے ہیں۔
مزید پڑھیں: ظہران ممدانی نیویارک کے تاریخی مئیر منتحب، کون کون سے اعزاز حاصل کر لیے؟
واضح رہے کہ زوہران ممدانی نے سابق گورنر اینڈریو کومو کو شکست دے کر نیویارک کے پہلے مسلم اور سوشلسٹ میئر بننے کا اعزاز حاصل کیا۔ انتخابی مہم کے دوران انہیں قدامت پسند میڈیا اور کاروباری حلقوں کی سخت تنقید کا سامنا رہا۔
انتخابی کامیابی کے بعد ممدانی نے ٹرمپ کو براہِ راست مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ڈونلڈ ٹرمپ! چونکہ میں جانتا ہوں تم دیکھ رہے ہو، والیوم بڑھاؤ! اگر کوئی شہر تمہیں شکست دینا جانتا ہے، تو وہ یہی شہر ہے جس نے تمہیں پیدا کیا تھا۔







