اس سے قبل اس گاڑی کی قیمت، بکنگ، ڈیلیوری تفصیلات اور انتظار کی مدت سامنے آ چکی ہیں، تاہم اب اس بات پر توجہ دی جا رہی ہے کہ ساڑھے دو کروڑ روپے کی اس لگژری ایس یو وی میں صارفین کو آخر کیا کچھ ملتا ہے۔
GWM Tank 500 PHEV کو ایک مضبوط باڈی آن فریم چیسیس پر تیار کیا گیا ہے، جو اسے آف روڈنگ اور طاقتور ڈرائیونگ کے لیے موزوں بناتا ہے۔ گاڑی کی لمبائی 5,078 ملی میٹر، چوڑائی 1,934 ملی میٹر اور اونچائی 1,905 ملی میٹر ہے، جب کہ اس کا وہیل بیس 2,850 ملی میٹر رکھا گیا ہے، جو کشادہ اور آرام دہ کیبن کی ضمانت دیتا ہے۔
یہ ایس یو وی جدید Hi4-T فور وہیل ڈرائیو سسٹم سے لیس ہے اور اس میں 2.0 لیٹر ٹربو چارجڈ پیٹرول انجن نصب ہے۔ ہائبرڈ سسٹم کے ساتھ مل کر یہ گاڑی مجموعی طور پر 402 ہارس پاور اور 750 نیوٹن میٹر ٹارک پیدا کرتی ہے، جو اسے طاقت اور کارکردگی کے لحاظ سے اپنے طبقے میں نمایاں بناتا ہے۔
GWM Tank 500 PHEV میں 37.11 کلو واٹ آور کی بیٹری دی گئی ہے، جو عالمی معیار (WLTP) کے مطابق 102 کلومیٹر تک صرف الیکٹرک موڈ میں ڈرائیونگ کی صلاحیت فراہم کرتی ہے۔
bگاڑی کو اے سی چارجر کے ذریعے تقریباً 6.5 گھنٹوں میں مکمل چارج کیا جا سکتا ہے، جب کہ ڈی سی فاسٹ چارجنگ کے ذریعے صرف 24 منٹ میں تیزی سے چارج کیا جا سکتا ہے۔
انفوٹینمنٹ کے حوالے سے گاڑی میں 14.6 انچ کا بڑا ٹچ اسکرین سسٹم دیا گیا ہے، جس کے ساتھ 12 اسپیکرز پر مشتمل پریمیم آڈیو سسٹم موجود ہے۔ 20 انچ الائے رمز اس کی اسپورٹی اور مضبوط ظاہری ساخت کو مزید نمایاں کرتے ہیں۔
ڈرائیور اور اگلی نشستوں کے مسافروں کے لیے الیکٹرکلی ایڈجسٹ ایبل فرنٹ سیٹس دی گئی ہیں، جن میں وینٹیلیشن، مساج، میموری اور ویلکم فیچرز شامل ہیں۔ گاڑی میں ناپا لیدر سیٹس، پینورامک سن روف، گرم ہونے والا اسٹیئرنگ وہیل اور سائیڈ مررز جیسی سہولیات بھی فراہم کی گئی ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: الیکٹرک گاڑیوں کی دوڑ: چینی کمپنی نے ایلون مسک کی ٹیسلا کو پیچھے چھوڑ دیا
حفاظتی فیچرز کی بات کی جائے تو GWM Tank 500 PHEV میں 6 ایئر بیگز، جدید ADAS سسٹم اور 540 ڈگری کیمرا شامل ہے، جو ڈرائیونگ کو مزید محفوظ بناتا ہے۔ اس کے علاوہ کیبن کے اندر ایکٹو نوائز کینسلیشن سسٹم، این 95 کیبن فلٹر، ریئر آرم ریسٹ ٹچ اسکرین کنٹرولز، ٹینک ٹرن فیچر اور ویہیکل ٹو لوڈ (V2L) جیسی جدید سہولیات بھی موجود ہیں۔
ماہرین کے مطابق GWM Tank 500 PHEV پاکستان کی آٹو مارکیٹ میں ایک نئی سمت کی نشاندہی کرتی ہے، جو لگژری، طاقت، جدید ٹیکنالوجی اور ماحول دوست ہائبرڈ سسٹم کو یکجا کر کے صارفین کو ایک منفرد ڈرائیونگ تجربہ فراہم کرنے کا دعویٰ کرتی ہے۔







