آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق پیٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا اطلاق 18 نومبر سے ہوگا۔

نوٹیفکیشن کے مطابق پیٹرول کی سابقہ قیمت 328 روپے فی لیٹر تھی، جس میں 3 روپے کمی کی گئی ہے، تاہم ڈیزل کی قیمت میں کوئی ردوبدل نہیں کیا گیا۔

پیٹرول کی قیمت میں کمی سے موٹر سائیکل سواروں اور نجی گاڑیوں کے مالکان کو کچھ ریلیف ملنے کی توقع ہے، جب کہ ڈیزل کی قیمت برقرار رہنے کے باعث ٹرانسپورٹ اور مال برداری کے اخراجات میں فوری کمی کا امکان نہیں۔

واضح رہے کہ رواں سال مارچ کے آغاز میں امریکا اور ایران کے درمیان جنگ شروع ہونے کے بعد عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں اضافے کے باعث پاکستان میں بھی پیٹرولیم مصنوعات مہنگی ہونا شروع ہو گئی تھیں۔

پیٹرول کی قیمت مارچ کے پہلے ہفتے میں 266 روپے فی لیٹر سے بڑھنا شروع ہوئی اور 3 اپریل کو 458 روپے 41 پیسے فی لیٹر کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی تھی۔ اسی طرح ڈیزل کی قیمت بھی 3 اپریل کو 520 روپے 35 پیسے فی لیٹر تک جا پہنچی تھی۔

بعد ازاں عالمی منڈی میں قیمتوں میں اتار چڑھاؤ کے باعث حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ردوبدل جاری رکھا۔ 13 ستمبر کو وزیراعظم شہباز شریف نے موٹر سائیکلوں، رکشوں اور 800 سی سی تک کی گاڑیوں کے مالکان کے لیے ریلیف اسکیم کا اعلان بھی کیا تھا۔

یاد رہے کہ وزیر پیٹرولیم نے 17 جولائی کو اعلان کیا تھا کہ عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ کے پیش نظر ملک میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں روزانہ کی بنیاد پر مقرر کی جائیں گی۔