دپیکا پڈوکون اور رنویر سنگھ نے دو دن قبل متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کی ریاست ابو ظہبی کی خوبصورت جامع مسجد شیخ زید کا تشہیری دورہ کرنے کی ویڈیو انسٹاگرام پر شیئر کی تھی۔
مختصر ویڈیو میں دونوں میاں بیوی کو سیاحت سے متعلق گفتگو کرتے دکھایا گیا ہے اور بعد ازاں دونوں ابو ظہبی کی خوبصورت مسجد کا دورہ بھی کرتے نظر آتے ہیں۔
مختصر ویڈیو میں دپیکا پڈوکون مسجد کے دورے کے وقت عبایہ میں نظر آئیں، یعنی انہوں نے مکمل اسلامی لباس پہن رکھا تھا۔
جامع مسجد شیخ زید کے دورے کے دوران رنویر سنگھ کو بھی اسلامی طرز کے انداز میں داڑھی کے ساتھ دکھایا گیا، اور دونوں انتہائی تجسس اور احترام کے ساتھ مسجد کا دورہ کرتے دکھائی دیے۔
دونوں نے ابو ظہبی کے محکمہ سیاحت سے تعاون کے سلسلے میں مسجد کا دورہ کیا اور اس کی تشہیری ویڈیو انسٹاگرام پر شیئر کی۔
ان کی جانب سے ویڈیو شیئر کیے جانے کے بعد انتہا پسند ہندوؤں کی آگ بھڑک اٹھی اور وہ انہیں مسلمان ہونے کے طعنے دینے لگ گئے۔
سوشل میڈیا صارفین نے ان کی ویڈیو پر کمنٹس کرتے ہوئے لکھا کہ دونوں نے کبھی ہندو ازم کی عبادت گاہوں کی تشہیر نہیں کی اور نہ ہی انہوں نے کبھی ہندو ازم کی پرچار کی ہے، لیکن اب وہ پیسے کی خاطر مسلمان بن گئے۔
بعض سوشل میڈیا صارفین نے دونوں کو پیسے کی خاطر اپنا مذہب تبدیل کرنے کے طعنے بھی دیے، کچھ افراد نے دونوں کو مولوی اور مسلمان بھی لکھا۔
جہاں ہندو صارفین نے ان پر تنقید کی، وہیں مسلمان صارفین نے لکھا کہ دونوں نے صرف تشہیری مہم کے تحت مسجد کا دورہ کیا ہے، اس پر اعتراض کرنے کی کوئی ضرورت نہیں، وہ مسلمان نہیں۔







