رپورٹس کے مطابق فلم کی کہانی اسپائیڈر مین نو وے ہوم کے واقعات کے بعد شروع ہوگی، جہاں ڈاکٹر اسٹرینج کے جادو کے نتیجے میں پوری دنیا پیٹر پارکر کو بھول چکی ہے۔ تنہائی کا شکار پیٹر اب مکمل طور پر اسپائیڈر مین کی حیثیت سے زندگی گزار رہا ہے اور ایک سادہ اپارٹمنٹ میں رہتے ہوئے خود تیار کردہ سوٹ کے ساتھ شہر کی حفاظت کر رہا ہے۔

سونی پکچرز کی جانب سے جاری کردہ خلاصے کے مطابق پیٹر پارکر کی مشکلات ختم ہونے کے بجائے مزید بڑھنے والی ہیں۔ وہ اس حقیقت کا سامنا کر رہا ہے کہ اس کے قریبی دوست اپنی زندگیوں میں آگے بڑھ چکے ہیں جبکہ وہ مکمل تنہائی میں زندگی گزارنے پر مجبور ہے۔

نئی تفصیلات سے یہ بھی اشارہ ملتا ہے کہ پیٹر پارکر کی شخصیت میں ایک ایسی تبدیلی آنے والی ہے جس پر اس کا کوئی اختیار نہیں ہوگا۔ ساتھ ہی نیویارک شہر کو ایک نئے اور پراسرار خطرے کا سامنا ہوگا، جسے ایک ایسا ولن قرار دیا جا رہا ہے جسے کوئی دیکھ بھی نہیں سکتا۔

فلم کے خلاصے میں پیٹر کے جذباتی سفر کو اجاگر کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ اگرچہ دنیا اسے بھول چکی ہے، لیکن وہ اب بھی اپنے وعدوں اور ذمہ داریوں کو نہیں بھولا۔

رپورٹس میں یہ دعویٰ بھی کیا جا رہا ہے کہ پیٹر پارکر کے کردار میں ایک حیران کن جسمانی تبدیلی دیکھی جا سکتی ہے، تاہم مارول اسٹوڈیوز نے اس حوالے سے کوئی باضابطہ تفصیل جاری نہیں کی۔

دوسری جانب مداحوں میں قیاس آرائیاں جاری ہیں کہ مارول یونیورس میں ایکس مین کرداروں کا تعارف کرایا جا سکتا ہے۔ اداکارہ سیڈی سنک کے بارے میں یہ بھی کہا جا رہا ہے کہ وہ جین گرے کا کردار ادا کر سکتی ہیں، تاہم نہ مارول اسٹوڈیوز اور نہ ہی سونی پکچرز نے ان خبروں کی تصدیق کی ہے۔

فی الحال فلم کے مرکزی ولن کی شناخت راز میں رکھی گئی ہے، تاہم نئی معلومات اس بات کی طرف اشارہ کرتی ہیں کہ پیٹر پارکر کی زندگی ایک نئے اور غیر متوقع مرحلے میں داخل ہونے والی ہے، جہاں نئے خطرات، نئی طاقتیں اور مارول یونیورس کے مزید دلچسپ پہلو سامنے آ سکتے ہیں۔