پاک فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق عاصم منیر نے کہا کہ وفاقی اور صوبائی حکومتیں بلوچستان میں سماجی و معاشی ترقی کے لیے جامع اقدامات کر رہی ہیں، جن کا مقصد عوامی فلاح اور صوبے کی دیرپا خوشحالی کو یقینی بنانا ہے۔ بلوچستان کی بے پناہ معاشی صلاحیت کو عوامی مفاد میں بروئے کار لانا ضروری ہے۔

آرمی چیف نے سول سوسائٹی اور خصوصاً نوجوانوں کے مثبت کردار کو سراہا، انہوں نے کہا کہ نوجوان بلوچستان کے روشن مستقبل کی ضمانت ہیں اور انہیں منفی سیاسی ایجنڈوں سے بالاتر ہو کر ترقی کا حصہ بننا چاہیے۔

فیلڈ مارشل کا کہنا تھا کہ انڈیا کی سرپرستی میں چلنے والی دہشت گرد تنظیمیں (فتنہ الہند اور فتنہ الخوارج) بلوچستان میں انتشار اور ترقی کے عمل کو نقصان پہنچانے کی کوشش کر رہی ہیں، تاہم پاک فوج ان تمام دہشت گردوں کے خلاف فیصلہ کن کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہے۔

انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان خطے میں امن و استحکام چاہتا ہے، تاہم ملک کی سرحدی خودمختاری یا سلامتی پر کسی بھی قسم کی جارحیت کا بھرپور جواب دیا جائے گا۔

مزید پڑھیں: قندھار اور کابل میں اختلافات کھل کر سامنے آرہے ہیں، وزیرِ دفاع

ورکشاپ کا اختتام ایک کھلے اور جامع سوال و جواب کے سیشن پر ہوا، جس میں شرکا نے بلوچستان کی ترقی اور سلامتی سے متعلق مختلف امور پر آرمی چیف سے تبادلۂ خیال کیا۔