فروری 2019 کی وہ روشن صبح تاریخ کے اوراق میں ایک فیصلہ کن موڑ کے طور پر ہمیشہ یاد رکھی جائے گی۔ جب پاکستان کی فضائی سرحدوں کو چیلنج کیا گیا تو جواب میں جو حکمت، پیشہ ورانہ مہارت اور توازن سامنے آیا، اس نے دنیا پر واضح کر دیا کہ پاکستان اپنی خودمختاری پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گا۔

یہ تھا آپریشن سویفٹ ریٹارٹ ،ایک ایسا اقدام جس نے پاک فضائیہ کی تیاری، رفتار، درستگی اور ڈیٹرنس صلاحیت کو عالمی سطح پر نمایاں کیا۔ یہ کوئی جذباتی ردعمل نہیں تھا بلکہ ایک سوچا سمجھا، نپا تلا اور قواعدِ جنگ کے عین مطابق کیا گیا آپریشن تھا۔
دشمن کے حملے کے جواب میں فوری مگر متوازن کارروائی نے یہ ثابت کیا کہ پاک فضائیہ صرف دفاعی قوت نہیں بلکہ موثر جوابی حکمت عملی رکھنے والی ایک جدید فضائی طاقت ہے۔ مشن پلاننگ، انٹیلی جنس کوآرڈی نیشن، ایئر ڈیفنس الرٹس اور فضا میں فیصلہ کن کارروائی نے طاقت کے توازن کو ازسرِنو واضح کیا۔
عالمی عسکری مبصرین نے بھی اس امر کا اعتراف کیا کہ یہ ردعمل محدود، متناسب اور اسٹریٹجک ڈیٹرنس کے اصولوں کے مطابق تھا۔ آپریشن سویفٹ ریٹارٹ کی سب سے نمایاں خصوصیت رفتار اور درستگی تھی۔
محدود وقت میں فضائی برتری قائم کرنا، دشمن کے طیاروں کو پسپائی پر مجبور کرنا اور اپنی فضائی حدود کا مکمل تحفظ یقینی بنانا اس بات کا ثبوت تھا کہ پاکستان کی فضائی دفاعی لائن ہر لمحہ مستعد ہے۔ اہداف کے انتخاب میں ذمہ داری اور دانش کا مظاہرہ کیا گیا تاکہ پیغام بھی واضح ہو اور غیر ضروری تصادم سے بھی گریز رہے۔
اس کارروائی نے یہ باور کرایا کہ پاکستان کا دفاعی نظریہ جارحیت پر نہیں بلکہ ڈیٹرنس پر مبنی ہے، ایسا مضبوط دفاع جو جنگ کو روکے۔ وقت گزرا لیکن یہ سفر یہیں نہیں رکا۔ آپریشن سویفٹ ریٹارٹ کا ارتقائی تسلسل ہمیں مئی 2025 کے آپریشن "بنیانٌ مرصوص" میں بھی دکھائی دیا۔ 
اگر 2019 ایک سنگ میل تھا تو 2025 اسی سلسلے کی اگلی مضبوط کڑی ثابت ہوا۔ دونوں آپریشنز کے درمیان واضح نظریاتی اور عملی ربط موجود ہے۔ پہلا فوری ردعمل اور ڈیٹرنس کی مثال تھا جبکہ دوسرا جدید ٹیکنالوجی، بہتر انضمام اور ارتقائی حکمت عملی کا مظہر بن کر سامنے آیا۔
آپریشن بنیانٌ مرصوص میں انٹیگریٹڈ(Integrated)  ایئر ڈیفنس، نیٹ ورک سنٹرک وارفیئر، جدید سرویلنس پلیٹ فارمز اور پریسیژن گائیڈڈ ہتھیاروں کا مربوط استعمال اس بات کی علامت تھا کہ پاک فضائیہ نے ماضی کی کامیابیوں پر اکتفا نہیں کیا بلکہ انہیں بنیاد بنا کر اپنی صلاحیتوں کو مزید وسعت دی ہے۔
فضائی دفاع اب صرف طیاروں تک محدود نہیں رہا بلکہ اس میں سائبر سکیورٹی، اسپیس بیسڈ سرویلنس، الیکٹرانک وارفیئر اور ڈیٹا انٹیگرییشن جیسے جدید عناصر بھی شامل ہو چکے ہیں۔ یہ ایک ملٹی ڈومین آپریٹنگ فورس کی تصویر ہے جو بدلتے خطرات سے ہم آہنگ ہے۔
ان دونوں آپریشنز نے یہ ثابت کیا کہ پاک فضائیہ کی تیاری محض کاغذی منصوبہ بندی نہیں بلکہ مسلسل تربیت، سمیولیٹر بیسڈ ٹریننگ، فلائنگ آورز اور مربوط کمانڈ اسٹرکچر کا نتیجہ ہے۔ کسی بھی فضائی طاقت کی اصل قوت اس کے انسان ہوتے ہیں اور پاک فضائیہ کے پائلٹس کی اعصابی مضبوطی، فیصلہ سازی اور پیشہ ورانہ مہارت ہر آزمائش میں نمایاں ہو کر سامنے آئی ہے۔
اسٹریٹجک ڈیٹرنس کا مقصد جنگ چھیڑنا نہیں بلکہ جنگ کو روکنا ہوتا ہے۔ جب ایک ریاست اپنی دفاعی صلاحیت کا واضح مظاہرہ کرتی ہے تو وہ دراصل امن کے امکانات کو مضبوط کرتی ہے۔ آپریشن سویفٹ ریٹارٹ نے یہی کردار ادا کیا اور آپریشن بنیانٌ مرصوص نے اس پیغام کو مزید مستحکم کیا کہ یہ صلاحیت وقتی نہیں بلکہ پائیدار اور ارتقائی ہے۔
آج جب سویفٹ ریٹارٹ کی ساتویں سالگرہ منائی جا رہی ہے تو یہ صرف ایک یادگار دن نہیں بلکہ عزم کی تجدید ہے۔ یہ یاد دہانی ہے کہ قومی سلامتی مسلسل تیاری، جدیدیت اور بصیرت افروز قیادت کا تقاضا کرتی ہے۔ سویفٹ ریٹارٹ سے بنیانٌ مرصوص تک کا سفر اس حقیقت کا مظہر ہے کہ پاک فضائیہ ایک متحرک، جدید اور ذمہ دار فضائی قوت ہے جو نہ صرف ماضی کے چیلنجز کا سامنا کر چکی ہے بلکہ مستقبل کے خطرات کے لیے بھی پوری طرح تیار ہے۔
یہی عزم، یہی تیاری اور یہی ارتقائی سوچ پاکستان کی فضاؤں کے دفاع کی ضمانت ہے اور یہی پیغام آج بھی پوری قوت کے ساتھ گونج رہا ہے کہ وطن کی فضائی سرحدیں محفوظ، مستحکم اور ناقابلِ تسخیر ہیں۔
تحریر:افضل بلال
نوٹ: بلاگر کے ذاتی خیالات سے ادارے کا متفق ہونا ضروری نہیں۔ ایڈیٹر