کرکٹ سے متعلق معروف ویب سائٹ ایپکس نیوز کے مطابق لیگ میں چھ ٹیمیں شریک ہوں گی، جبکہ ہر ٹیم کو محدود تعداد میں ایسے بین الاقوامی کھلاڑی شامل کرنے کی اجازت ہوگی جو حالیہ برسوں میں اپنی قومی ٹیموں کی نمائندگی کر چکے ہوں۔ غیر ملکی مقابلوں میں حصہ لینے والے نامور کھلاڑیوں کی شرکت کا بھی امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔

عرب نیوز کے مطابق یہ لیگ سعودی عرب کے مستقبل کے ترقیاتی منصوبے کا حصہ ہے، جس کے تحت کھیلوں کو قومی معیشت، سیاحت اور عالمی سرمایہ کاری کے فروغ کا مؤثر ذریعہ بنایا جا رہا ہے۔ گزشتہ چند برسوں میں سعودی عرب نے فٹبال، ٹینس، باکسنگ، موٹر اسپورٹس اور دیگر عالمی کھیلوں کے بڑے مقابلوں کی میزبانی کرکے دنیا کی توجہ اپنی جانب مبذول کرائی ہے، جبکہ اب کرکٹ بھی اسی سلسلے کی ایک اہم کڑی بنتی جا رہی ہے۔

سعودی عرب کرکٹ فیڈریشن ملک میں کرکٹ کے فروغ کے لیے سرگرم کردار ادا کر رہی ہے۔ فیڈریشن کا مقصد نہ صرف مقامی نوجوانوں کو کھیل کے بہتر مواقع فراہم کرنا ہے بلکہ سعودی عرب کو عالمی کرکٹ کے نقشے پر ایک نمایاں مقام دلانا بھی ہے۔ اسی حکمت عملی کے تحت جدید سہولتوں کی فراہمی، مقامی صلاحیتوں کی تربیت اور بین الاقوامی تعاون کو فروغ دیا جا رہا ہے۔

پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان کھیلوں کے شعبے میں تعلقات بھی مسلسل مضبوط ہو رہے ہیں۔ حال ہی میں پاکستان کرکٹ بورڈ اور سعودی عرب کرکٹ فیڈریشن کے درمیان تعاون کے ایک اہم معاہدے پر دستخط کیے گئے، جس کے تحت کرکٹ کے فروغ، کوچنگ، تربیت، بنیادی ڈھانچے کی ترقی، تجربات کے تبادلے اور جدہ میں عالمی معیار کے کرکٹ میدان کی تعمیر کے لیے مشترکہ اقدامات پر اتفاق کیا گیا۔ اس معاہدے کو دونوں برادر ممالک کے درمیان کھیلوں کے تعلقات میں ایک تاریخی سنگ میل قرار دیا جا رہا ہے۔

سعودی عرب میں لاکھوں پاکستانی مقیم ہیں اور کرکٹ ان کی پسندیدہ کھیل ہے۔ یہی وجہ ہے کہ نئی لیگ میں پاکستانی کھلاڑیوں کی ممکنہ شرکت شائقین کے لیے خصوصی دلچسپی کا باعث بن سکتی ہے۔ مستقبل میں اگر دونوں ممالک کے درمیان تعاون مزید وسعت اختیار کرتا ہے تو نہ صرف پاکستانی کھلاڑیوں بلکہ کوچز، امپائروں اور دیگر ماہرین کے لیے بھی نئے مواقع پیدا ہوں گے۔

ڈیونز ٹی 20 لیگ صرف ایک کرکٹ مقابلہ نہیں بلکہ سعودی عرب کے اس عزم کی علامت ہے کہ وہ کھیلوں کو معاشی ترقی، بین الاقوامی تعاون اور عوامی روابط کے فروغ کا مؤثر ذریعہ بنانا چاہتا ہے۔ اگر یہ منصوبہ کامیاب ہوتا ہے تو نہ صرف سعودی عرب بلکہ پورے خطے میں کرکٹ کے فروغ کے لیے ایک نئے دور کا آغاز ہوگا، جبکہ پاک سعودی کھیلوں کے تعلقات بھی مزید مستحکم ہوں گے۔

تحریر کامران اشرف 


نوٹ: بلاگر کے ذاتی خیالات سے ادارے کا متفق ہونا ضروری نہیں۔ ایڈیٹر