تفصیلات کے مطابق ان میں 400 ملین ڈالرز کا نتائج کی بنیاد پر دیا جانے والا قرض ایس او ای ٹرانسفارمیشن پروگرام کے لیے، جب کہ 140 ملین ڈالرز کا رعایتی قرض سندھ کوسٹل ریزیلینس سیکٹر پروجیکٹ کے لیے شامل ہے۔
نجی نشریاتی ادارے ایکسپریس نیوز کے مطابق اے ڈی بی کے جاری کردہ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ ایس او ای اصلاحاتی پروگرام پاکستان کے سرکاری اداروں میں کارپوریٹ گورننس اور کارکردگی سے متعلق دیرینہ مسائل کو حل کرنے کی اہم کوشش ہے۔ پروگرام کا مقصد سرکاری اداروں کی کارکردگی بہتر بنانا، جدید انتظامی ڈھانچہ متعارف کرانا اور مالیاتی پائیداری کو یقینی بنانا ہے۔
اے ڈی بی کی کنٹری ڈائریکٹر برائے پاکستان، ایما فان کے مطابق یہ پروگرام پاکستان کے بڑے اور پیچیدہ سرکاری اداروں، خصوصاً نیشنل ہائی وے اتھارٹی (این ایچ اے) کی تنظیمِ نو اور انہیں تجارتی بنیادوں پر استوار کرنے میں مدد دے گا۔ یہ اے ڈی بی کا پاکستان کے سرکاری شعبے میں پہلا مکمل طور پر نتائج سے منسلک قرض ہے۔
واضح رہے کہ اے ڈی بی گزشتہ برسوں سے پاکستان میں ایس او ای اصلاحات میں معاونت کرتا رہا ہے، جس کے نتیجے میں 2023 میں ایس او ای ایکٹ اور ایس او ای پالیسی کا نفاذ، سینٹرل مانیٹرنگ یونٹ کا قیام اور پبلک سروس کنٹریکٹس کا اجرا ممکن ہوا، نئے فنڈ کی بدولت گورننس، ادارہ جاتی استعداد، ڈیجیٹلائزیشن، سڑکوں کی حفاظت اور مالیاتی مضبوطی میں مزید بہتری آئے گی۔
یہ بھی پڑھیں: گلگت بلتستان میں عام انتخابات کا اعلان،کب ہوں گے؟
اے ڈی بی نے ساتھ ہی سات لاکھ 50 ہزار ڈالرز کی تکنیکی معاونت بھی منظور کی ہے تاکہ اصلاحات کے مؤثر نفاذ کے لیے ماہرین کی خدمات اور اداروں کی صلاحیت میں اضافہ کیا جا سکے۔
دوسری جانب، سندھ کوسٹل ریزیلینس سیکٹر پروجیکٹ کا مقصد بدین، سجاول اور ٹھٹھہ جیسے پسماندہ ساحلی اضلاع کو قدرتی آفات کے مقابلے کے قابل بنانا ہے۔
اس منصوبے کے تحت پانچ لاکھ سے زائد افراد کو فائدہ پہنچے گا، ڈیڑھ لاکھ ہیکٹر زرعی اراضی کو تحفظ ملے گا، جب کہ 22 ہزار ہیکٹر جنگلات کی بحالی بھی شامل ہے۔
یہ اقدامات پاکستان کے نیشنل فلڈ پروٹیکشن پلان فور، سندھ کلائمیٹ چینج پالیسی اور اے ڈی بی کی اسٹریٹجی 2030 سے مکمل طور پر ہم آہنگ ہیں۔
منصوبے سے گرین ہاؤس گیسوں میں کمی، حیاتیاتی تنوع کے فروغ اور غذائی تحفظ میں بہتری جیسے اہداف کو بھی تقویت ملے گی، جو 2030 تک فوڈ سسٹمز کی تبدیلی کے لیے اے ڈی بی کے 40 بلین ڈالر کے عالمی ہدف کا حصہ ہے۔






