آل پاکستان جیمز اینڈ جیولرز صرافہ ایسوسی ایشن کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق بدھ کو فی تولہ سونے کی قیمت میں 1800 روپے کی کمی ہوئی، جس کے بعد نئی قیمت 4 لاکھ 53 ہزار 936 روپے مقرر ہوگئی۔

اسی طرح 10 گرام سونے کی قیمت میں 1544 روپے کی کمی ہوئی، جس کے بعد 10 گرام سونا 3 لاکھ 89 ہزار 176 روپے کا ہوگیا۔

دوسری جانب عالمی مارکیٹ میں بھی سونے کی قیمت میں کمی ریکارڈ کی گئی۔ عالمی مارکیٹ میں سونے کی قیمت 18 ڈالر کم ہوکر 4314 ڈالر فی اونس ہوگئی، جس کے اثرات مقامی صرافہ مارکیٹ میں بھی دیکھنے میں آئے۔

اس سے قبل منگل کو بھی سونے کی فی تولہ قیمت میں 1800 روپے کی کمی ریکارڈ کی گئی تھی، جس کے بعد سونا 4 لاکھ 55 ہزار 736 روپے فی تولہ ہوگیا تھا۔

پاکستان میں سونے کی قیمت رواں ماہ مسلسل اتار چڑھاؤ کا شکار رہی ہے۔ ستمبر کے دوران فی تولہ سونے کی قیمت تقریباً 4 لاکھ 43 ہزار 647 روپے سے 4 لاکھ 59 ہزار 540 روپے کے درمیان رہی۔

واضح رہے کہ پاکستان میں سونے کی قیمت کے تعین کے طریقہ کار میں بھی تبدیلی کی گئی ہے، جس کے تحت مقامی مارکیٹ میں سونے کی قیمت عالمی مارکیٹ کے ریٹ سے 20 ڈالر فی اونس زیادہ مقرر کی گئی ہے۔