ویڈیو اینڈ شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹاگرام پر یواین ویمن پاکستان نے اعلان کیا کہ ہانیہ عامر اپنے پلیٹ فارم کے ذریعے خواتین اور بچیوں کے حقوق کے لیے آواز بلند کریں گی، آگاہی پھیلائیں گی اور مساوات، خودمختاری اور عدمِ تشدد کے فروغ کے لیے کام کریں گی۔
ادارے نے کہا کہ ہانیہ عامر کے ساتھ مل کر ایک ایسے مستقبل کی جانب قدم بڑھایا جا رہا ہے، جہاں تشدد، امتیاز اور عدم مساوات سے آزاد ہو کر ہر عورت اور بچی اپنی صلاحیتوں کو مکمل طور پر بروئے کار لا سکے۔
واضح رہے کہ ہانیہ عامر اس اعزازی عہدے پر فائز ہونے والی دوسری پاکستانی خاتون ہیں۔ اس سے قبل 2015 میں معروف سماجی کارکن منیبہ مزاری کو یو این ویمن کی گڈ وِل ایمبیسیڈر مقرر کیا گیا تھا۔
دیگر اقوامِ متحدہ کے اداروں کے لیے پاکستانی گڈ وِل ایمبیسیڈرز میں اداکار فواد خان (یو این ڈی پی)، ماہرہ خان (یو این ایچ سی آر)، شہزاد رائے (یو این او ڈی سی) اور اداکارہ صبا قمر (یونیسف) شامل ہیں۔
ہانیہ عامر نے اس موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ میرے لیے یہ محض ایک عہدہ نہیں بلکہ ایک ذمہ داری ہے کہ میں ان خواتین اور بچیوں کے لیے بولوں جن کی آواز سنی نہیں جاتی۔ میں مساوات اور خودمختاری کے فروغ کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھوں گی تاکہ ہر عورت اعتماد کے ساتھ اپنے مستقبل کی تشکیل کر سکے۔
یو این ویمن پاکستان کے کنٹری ریپریزنٹیٹو جمشید ایم کاظی نے ہانیہ کی تقرری کو ایک اہم سنگِ میل قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ تقرری اس وقت ہوئی ہے جب بیجنگ ڈیکلریشن کے 30 سال مکمل ہو رہے ہیں، جو خواتین کے حقوق کے لیے ایک تاریخی معاہدہ ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ہانیہ عامر کا نوجوان نسل سے مضبوط تعلق، ان کا تخلیقی انداز اور خواتین کے حقوق کے لیے جذبہ انہیں یو این ویمن کے مشن کی بہترین نمائندہ بناتا ہے۔
خیال رہے کہ اداکارہ ہانیہ عامر اپنے نئے کردار میں خواتین کی معاشی شمولیت، ڈیجیٹل ترقی، قیادت اور صنفی تشدد کے خاتمے سے متعلق مہمات میں بھرپور حصہ لیں گی۔
مزید یہ کہ دنیا بھر میں خواتین کے حقوق، مساوات اور بااختیاری کے لیے کام کرنے والا اقوامِ متحدہ کا خصوصی ادارہ ہے، جو حکومتوں، سول سوسائٹی اور کمیونٹیز کے ساتھ مل کر پالیسی سازی اور عملی اقدامات کے ذریعے خواتین کے لیے زیادہ منصفانہ اور مساوی معاشرہ تشکیل دینے کی کوشش کر رہا ہے۔







