پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے چند گھنٹوں کے اندر پونے سے چار مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا ہے۔ گرفتار افراد میں ایک کالج کا طالب علم بھی شامل ہے، جبکہ دیگر بے روزگار بتائے جاتے ہیں۔ تاحال یہ واضح نہیں ہو سکا کہ فائرنگ کرنے والا اصل ملزم کون تھا۔
لارنس بشنوئی گینگ سے منسلک گینگسٹر شبھم لونکر نے سوشل میڈیا پر فائرنگ کی ذمہ داری قبول کرنے کا دعویٰ کیا ہے اور روہت شیٹی سمیت بالی ووڈ انڈسٹری کو دھمکی دی ہے۔ تاہم پولیس کا کہنا ہے کہ روہت شیٹی کو اس سے قبل کسی قسم کی دھمکی موصول نہیں ہوئی تھی، اس لیے ان دعوؤں کی تصدیق کی جا رہی ہے۔
تحقیقات کے مطابق ملزم پونے سے موٹر سائیکل پر ممبئی آیا تھا اور فائرنگ کے بعد تقریباً دو کلومیٹر دور موٹر سائیکل چھوڑ کر فرار ہو گیا۔ موٹر سائیکل کی رجسٹریشن اور سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے پولیس مشتبہ افراد تک پہنچی۔
واقعے کے وقت عمارت میں تین سیکیورٹی گارڈ موجود تھے، جنہوں نے فائرنگ کی آواز سن کر پولیس کو اطلاع دی۔ گولیاں عمارت کی پہلی منزل اور دیوار پر لگیں، جبکہ کرائم برانچ اور فرانزک ٹیموں نے جائے وقوعہ کا معائنہ کیا ہے۔
پولیس اس امکان کا بھی جائزہ لے رہی ہے کہ آیا واقعہ روہت شیٹی کے فلمی منصوبوں، پولیس افسران سے تعلقات یا دیگر حالیہ جرائم سے جڑا ہو سکتا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ تفتیش ہر زاویے سے جاری ہے اور مزید حقائق جلد سامنے آئیں گے۔







