یہ البم 15 برس بعد سامنے آیا ہے اور اس میں 12 گانے شامل ہیں۔ علی ظفر نے اس البم میں مختلف میوزک آرٹسٹس کے ساتھ تعاون کیا ہے، جن میں السٹیر الون، طلحہ انجم، ڈی جے شاہ رخ اور علی حیدر شامل ہیں، جس سے البم کو ایک متنوع اور منفرد ساؤنڈ ملا ہے۔
البم کی ٹریک لسٹ میں شامل گانوں میں رُکسانا، فائیو اسٹار، ماماسیٹا (السٹیر الون کے ساتھ)، سانولی سلونی (السٹیر الون کے ساتھ)، روشنی، شدت، بے قراری سی، ڈھونڈتا ہوں، تیرے بن میں، چل دل میرے (طلحہ انجم کے ساتھ)، میرا پیار (ڈی جے شاہ رخ کے ساتھ) اور ظالم نظروں سے علی حیدر کے ساتھ۔
اپنے آرٹسٹ نوٹ میں علی ظفر نے البم ’روشنی‘ کو روشنی اور سائے، خود احتسابی اور جذباتی تضادات کے سفر سے تعبیر کیا ہے، جو ان کے فن کے ایک نئے اور زیادہ بالغ پہلو کی عکاسی کرتا ہے۔
البم کے ساتھ ہی گانے ’رُکسانا‘ کی میوزک ویڈیو بھی جاری کی گئی ہے، جو لاس اینجلس میں فلمائی گئی۔ ویڈیو میں بولڈ ڈانس مناظر اور سینماٹک انداز کے ذریعے گانے کی دھن اور ماحول کو نمایاں کیا گیا ہے۔
میوزک شائقین کی جانب سے البم اور میوزک ویڈیو پر ردِعمل سامنے آ رہا ہے، جب کہ ’روشنی‘ کو علی ظفر کے کیریئر میں ایک اہم اور تجرباتی اضافہ قرار دیا جا رہا ہے۔







