کمپنی پیراماؤنٹ گلوبل کے مطابق پروگرام بند کرنے کا فیصلہ گزشتہ موسمِ گرما میں کیا گیا تھا اور اسے مشکل مالی حالات میں مکمل طور پر کاروباری فیصلہ قرار دیا گیا۔ کمپنی نے یہ بھی کہا کہ اسٹیفن کولبرٹ ناقابلِ بدل شخصیت ہیں۔
امریکی وقت کے مطابق رات 11 بج کر 35 منٹ پر نشر ہونے والا دی لیٹ شو امریکی لیٹ نائٹ ٹیلی ویژن کی سب سے معروف نشریات میں شمار ہوتا رہا ہے۔ ڈیوڈ لیٹر مین کے بعد اسٹیفن کولبرٹ نے 2015 میں اس پروگرام کی میزبانی سنبھالی تھی۔
اس سے قبل سی بی ایس اعلان کر چکا ہے کہ پروڈیوسر اور میڈیا ایگزیکٹو بائرن ایلن اس ٹائم سلاٹ کو سنبھالیں گے، جہاں ان کے پروگرام کومکس ان لیشڈ کی دو آدھے گھنٹے کی اقساط نشر کی جائیں گی، جب کہ بعد ازاں کامیڈی گیم شو فنی یو شڈ آسک پیش کیا جائے گا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق اسٹیفن کولبرٹ نے ایک انٹرویو میں بائرن ایلن کی تقرری پر مزاحیہ انداز میں ردعمل دیتے ہوئے ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ وہ بائرن ایلن کو اچھی طرح جانتے ہیں اور ان کی ٹی وی انڈسٹری میں طویل تاریخ دلچسپ ہے۔
جب کولبرٹ سے پوچھا گیا کہ سی بی ایس کی جانب سے دی لیٹ شو کے بعد کسی روایتی لیٹ نائٹ ٹاک شو کو نہ لانے کے فیصلے پر ان کی کیا رائے ہے تو انہوں نے مختصر جواب دیتے ہوئے کہا، یہ میرا معاملہ نہیں ہے۔
مزید پڑھیں: سی این این کے بانی ٹیڈ ٹرنر 87 برس کی عمر میں انتقال کر گئے
ماہرین کے مطابق دی لیٹ شو کی بندش امریکی لیٹ نائٹ ٹی وی انڈسٹری میں ایک بڑی تبدیلی سمجھی جا رہی ہے، جہاں بدلتی ناظرین کی ترجیحات، ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کی بڑھتی مقبولیت اور مالی دباؤ کے باعث نشریاتی ادارے اپنی حکمت عملی تبدیل کر رہے ہیں۔







