ایکس پر جاری اپنے بیان میں سلمان خان نے کہا کہ یہ ایک نہایت پُرامن تحریک تھی، تاہم یہ دیکھ کر افسوس ہوا کہ احتجاج نے پرتشدد رخ اختیار کر لیا۔ انہوں نے احتجاج کے دوران متاثر ہونے والے طلبا اور ان کے اہل خانہ سے ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان کا دل ان کے لیے دکھی ہے۔
سلمان خان نے کہا کہ پیپر لیک کا معاملہ انتہائی سنگین ہے اور انہیں خوشی ہے کہ ملک بھر کے طلبا بہتر تعلیمی نظام کے لیے متحد ہو کر سامنے آئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس سے بھی زیادہ خوشی کی بات یہ ہے کہ طلبا کے والدین نے بھی ان کا بھرپور ساتھ دیا۔
It was such a peaceful movement, feel so sad that it had to take a violent turn. My heart goes out to the students and their families who were hurt. Paper leak is a very serious issue, and I am glad to know n see that the kids of our country have come together for a better…
— Salman Khan (@BeingSalmanKhan) July 22, 2026
انہوں نے طلبا کی جدوجہد کو سراہتے ہوئے کہا کہ وہ ان کے مؤقف، لگن، خلوص اور محنت کو دل سے خراجِ تحسین پیش کرتے ہیں۔ ان کے مطابق طلبا نے ثابت کیا ہے کہ وہ دل لگا کر تعلیم حاصل کرنا چاہتے ہیں، اپنا مستقبل روشن بنانا چاہتے ہیں اور ایک زیادہ تعلیم یافتہ اور ترقی یافتہ بھارت کی تعمیر میں کردار ادا کرنا چاہتے ہیں۔
سلمان خان نے کہا کہ یہ احتجاج درست سمت میں اٹھایا گیا قدم تھا اور طلبا نے اسے نہایت پُرامن انداز میں آگے بڑھایا۔ انہوں نے طلبا کی ہمت، بہادری، عزم اور تعلیم کے لیے جذبے کو قابلِ تعریف قرار دیتے ہوئے کہا کہ انہیں یقین ہے یہی نسل مستقبل میں بھارت کا نام روشن کرے گی۔
بالی وڈ اداکار نے مزید کہا کہ یہ معاملہ طلبا اور تعلیمی نظام کے درمیان ہے، اس لیے اسے سیاسی رنگ نہیں دینا چاہیے۔ ان کے مطابق اس کامیابی کا اصل سہرا صرف طلبا کے سر جاتا ہے۔
انہوں نے امید ظاہر کی کہ حکومت بھی طلبا کی بھرپور حمایت کرے گی اور تعلیمی نظام کو مزید مضبوط بنانے کے لیے ضروری اقدامات کرے گی، جس سے سب کو فائدہ ہوگا۔
سلمان خان نے اپنے بیان کے اختتام پر دعا کرتے ہوئے کہا کہ وہ امید کرتے ہیں اس معاملے کا مثبت حل نکلے۔






