بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق فلم نے اپنے پہلے ہی ویک اینڈ میں امریکا سمیت دنیا بھر میں ریکارڈ توڑ بزنس کیا اور اسے بائیوپک فلموں کی تاریخ کی سب سے بڑی اوپننگز میں شمار کیا جا رہا ہے۔ ناقدین کی جانب سے ملے جلے ردعمل کے باوجود شائقین نے فلم کو بے حد سراہا ہے، جبکہ جعفر جیکسن کی پرفارمنس کو خاص طور پر غیر معمولی قرار دیا جا رہا ہے۔
فلم میں مائیکل جیکسن کی زندگی کے مختلف ادوار دکھائے گئے ہیں، جن میں ان کا بچپن، جیکسن فائیو کے ساتھ ابتدائی سفر اور پھر عالمی شہرت تک پہنچنے کا مرحلہ شامل ہے۔ اس پیچیدہ اور جذباتی کردار کو ادا کرنے کی ذمہ داری جعفر جیکسن نے سنبھالی، جو نہ صرف ان کے قریبی رشتہ دار ہیں بلکہ خود بھی موسیقی کی دنیا سے وابستہ ہیں۔
ہدایتکار اینٹون فیکوا نے جعفر جیکسن کی اداکاری کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان میں مائیکل جیکسن کی جھلک قدرتی طور پر موجود ہے، جب انہوں نے پہلی بار جعفر کو پرفارم کرتے دیکھا تو انہیں ایسا محسوس ہوا جیسے وہ مائیکل جیکسن کو ہی اسکرین پر دیکھ رہے ہوں۔
جعفر جیکسن، مائیکل جیکسن کے بھائی جرمین جیکسن کے بیٹے ہیں۔ ان کی والدہ الیخاندرا جینیویو اوزیا زا ہیں۔ ان کی پیدائش 1996 میں ہوئی اور بچپن ہی سے ان کا رجحان موسیقی اور رقص کی طرف رہا۔
مزید پڑھیں: مائیکل جیکسن کی بایوپک نے امریکی باکس آفس پر تاریخ رقم کر دی
کم عمری میں جعفر نے گانا اور ڈانس شروع کر دیا تھا اور انہوں نے سیم کوک اور مارون گی جیسے لیجنڈری گلوکاروں کے گانے بھی پیش کیے۔ بعد ازاں انہوں نے اپنی اصل تخلیقات بھی پیش کیں اور 2019 میں اپنا پہلا گانا “گاٹ می سنگنگ” ریلیز کیا، جسے مداحوں نے خوب پسند کیا۔
فلم مائیکل جعفر جیکسن کے کیریئر کا بڑا سنگ میل ہے کیونکہ یہ ان کی باضابطہ اداکاری کا آغاز بھی ہے۔ اس سے قبل وہ 2015 کے ٹی وی شو جیکسن: نیکسٹ جنریشن اور 2021 میں اپنے چچا ٹیٹو جیکسن کے میوزک ویڈیو “لو ون ایندر” میں بھی نظر آ چکے ہیں۔
دوسری جانب مائیکل جیکسن کی والدہ کیتھرین جیکسن نے بھی جعفر کی اداکاری کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ وہ جیکسن فیملی کی روایات کو نہایت خوبصورتی سے آگے بڑھا رہے ہیں۔ خاندان کے دیگر افراد نے بھی جعفر کی کارکردگی کو سراہا ہے اور کہا ہے کہ کئی مناظر میں وہ واقعی مائیکل جیکسن کی جھلک دکھائی دیتے ہیں۔
واضح رہے کہ یہ فلم نہ صرف مائیکل جیکسن کی لازوال مقبولیت کا ثبوت ہے بلکہ جعفر جیکسن کے لیے عالمی سطح پر ایک مضبوط آغاز بھی ثابت ہو سکتی ہے، جو مستقبل میں موسیقی اور فلم دونوں شعبوں میں اہم مقام حاصل کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔







