حال ہی میں دیے گئے ایک انٹرویو میں سیف علی خان نے کرینہ کپور کے ساتھ اپنے تعلقات پر کھل کر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اپنے وقت کی سب سے بڑی اور مقبول اسٹار کے ساتھ ڈیٹنگ کرنا ان کے لیے بالکل نیا اور مختلف تجربہ تھا۔
ان کا کہنا تھا کہ ماضی کے تعلقات کے برعکس کرینہ نہ صرف ایک مصروف اداکارہ تھیں بلکہ وہ مسلسل فلموں میں کام کر رہی تھیں اور کامیابی، شہرت اور عوامی توجہ کا مرکز بھی تھیں۔
سیف علی خان نے اعتراف کیا کہ تعلقات کے آغاز میں اس صورتحال کو سمجھنا ان کے لیے آسان نہیں تھا اور وہ ابتدا میں حسد اور عدم تحفظ جیسے جذبات سے دوچار رہے، خاص طور پر اس وجہ سے کہ کرینہ دوسرے مرد اداکاروں کے ساتھ بھی کام کر رہی تھیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اس مرحلے پر ان کے لیے یہ سب کچھ خاصا الجھا ہوا تھا۔
اداکار نے انکشاف کیا کہ اس دوران انہیں ایک مشورہ دیا گیا کہ وہ اس صورتحال کو یوں سمجھیں جیسے وہ کسی مرد ہیرو کو ڈیٹ کر رہے ہوں۔
سیف علی خان کے مطابق یہ جملہ ان کے ذہن میں نقش ہو گیا تھا، کیونکہ اکثر ایسا ہوتا تھا کہ جن اداکاروں کو وہ اپنا حریف سمجھتے تھے، وہی کرینہ کے دوست بن جاتے تھے اور وہ سوچتے رہ جاتے تھے کہ یہ سب کس طرح ممکن ہے۔
انٹرویو کے دوران ایک سوال کے جواب میں سیف علی خان نے کہا کہ ایسے جذبات سے نمٹنے کے لیے پختگی، اعتماد اور وقت درکار ہوتا ہے اور یہ تمام چیزیں صرف سچی وابستگی اور مضبوط تعلق کے ساتھ ہی پروان چڑھتی ہیں۔
واضح رہے کہ کرینہ کپور اور سیف علی خان نے 2012 میں شادی کی تھی اور اس جوڑے کے دو بیٹے تیمور علی خان اور جہانگیر علی خان ہیں۔






