فریڈرک کاؤنٹی شیرف آفس کے مطابق حادثہ منگل کی علی الصبح پیش آیا، جب کیلی ہوٹل ایک ہونڈا ایکارڈ کار میں دو دیگر افراد کے ساتھ سفر کر رہی تھیں۔ گاڑی ایک 19 سالہ نوجوان چلا رہا تھا کہ اچانک تیز رفتاری کے باعث وہ دو رویہ شاہراہ سے بے قابو ہو کر سڑک کنارے موجود آبی گزرگاہ (کلورٹ) سے جا ٹکرائی۔

پولیس نے بتایا کہ حادثے کی اطلاع مقامی وقت کے مطابق رات دو بج کر باون منٹ پر موصول ہوئی۔ کیلی ہوٹل کو فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا، تاہم وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئیں۔ گاڑی کے ڈرائیور کو معمولی نوعیت کے زخم آئے، جبکہ تیسرے مسافر نے طبی امداد لینے سے انکار کر دیا۔ پولیس کے مطابق ابتدائی تحقیقات سے ظاہر ہوتا ہے کہ حد سے زیادہ رفتار حادثے کی ایک اہم وجہ تھی، جبکہ واقعے کی مزید تفتیش جاری ہے۔

کیلی ہوٹل نو دسمبر دو ہزار سات کو امریکی ریاست جارجیا کے شہر اٹلانٹا میں پیدا ہوئی تھیں۔ وہ پیدائشی طور پر سماعت سے محروم تھیں، لیکن اس کے باوجود انہوں نے اپنی غیر معمولی صلاحیتوں اور محنت کے ذریعے ہالی ووڈ میں نمایاں مقام حاصل کیا۔

انہوں نے اداکاری کی دنیا میں باقاعدہ آغاز دو ہزار اکیس میں ہالی ووڈ کی مشہور فلم گاڈزیلا بمقابلہ کانگ سے کیا، جس میں انہوں نے جیا کا کردار نبھایا۔ یہ کردار ایک ایسی بچی کا تھا جو اشاروں کی زبان کے ذریعے رابطہ کرتی ہے اور دیوہیکل بندر کانگ کے ساتھ ایک منفرد جذباتی تعلق رکھتی ہے۔ ان کی جاندار اداکاری کو ناقدین اور شائقین دونوں نے بے حد سراہا۔

اس کردار کی مقبولیت کے بعد کیلی ہوٹل نے دو ہزار چوبیس میں ریلیز ہونے والی فلم گاڈزیلا اور کانگ، نئی سلطنت میں بھی اسی کردار کو دوبارہ ادا کیا۔ ان کی شاندار کارکردگی پر انہیں سیٹرن ایوارڈ میں بہترین نوجوان اداکارہ کی پرفارمنس کے لیے نامزد کیا گیا، جو ان کے لیے ایک بڑی کامیابی سمجھی گئی۔

مزید پڑھیں: کیا سلمان خان بیمار ہیں؟ مداح دیکھ کر پریشانی میں مبتلا

کیلی ہوٹل کو ہالی ووڈ میں سماعت سے محروم فنکاروں کی نمائندگی کرنے والی ایک باصلاحیت نوجوان اداکارہ کے طور پر دیکھا جاتا تھا۔ ان کی اچانک وفات پر فلمی دنیا، مداحوں اور ساتھی فنکاروں نے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔

پولیس نے کہا ہے کہ حادثے کی مکمل وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات جاری ہیں اور حتمی رپورٹ آنے کے بعد مزید تفصیلات سامنے آئیں گی۔