حالیہ دنوں میں دعا ملک کو دیے گئے ایک انٹرویو میں ساحر لودھی نے اپنی ذاتی اور پیشہ ورانہ زندگی سے متعلق کھل کر گفتگو کی۔ گفتگو کے دوران انہوں نے بتایا کہ ان کی اہلیہ میڈیا تقریبات یا سوشل میڈیا پر اس لیے نظر نہیں آتیں کیونکہ وہ اپنی پرائیویسی کو ترجیح دیتی ہیں۔
ساحر لودھی کا کہنا تھا کہ میری اور میری اہلیہ کی سوچ مختلف ہے، وہ خود میڈیا پر نہیں آنا چاہتیں اور میں انہیں اس پر مجبور نہیں کر سکتا۔ ایسا نہیں کہ میری اہلیہ بالکل سامنے نہیں آتیں، دراصل وہ میڈیا کے سامنے بہت کم آنا پسند کرتی ہیں اور میں ان کے فیصلے کی مکمل عزت کرتا ہوں۔
انٹرویو کے دوران دعا ملک نے مزاحیہ انداز میں ان سے پوچھا کہ کیا انہوں نے شاہ رخ خان جیسا نظر آنے کے لیے کوئی سرجری کرائی ہے؟ اس پر ساحر لودھی نے مسکراتے ہوئے جواب دیا کہ میں نے کبھی کوئی سرجری نہیں کروائی۔
شاہ رخ خان سے مشابہت کے سوال پر انہوں نے کہا کہ مجھے اپنی شناخت پر کوئی الجھن نہیں، اگر کسی کو لگتا ہے کہ میری شکل شاہ رخ خان سے ملتی ہے تو یہ ان کا خیال ہے، لیکن مجھے معلوم ہے کہ میں شاہ رخ خان نہیں ہوں۔
انہوں نے کہا کہ میں شاہ رخ خان نہیں ہوں اور نہ کبھی بنوں گا، میں ساحر لودھی ہوں اور مجھے اپنی شناخت پر فخر ہے۔
ساحر لودھی نے شاہ رخ خان کی شخصیت کی تعریف کرتے ہوئے بتایا کہ میں ان سے دو بار ملاقات کر چکا ہوں، شاہ رخ خان ایک بہت مہربان انسان ہیں، ان میں ذرا بھی غرور نہیں، میری شکل شاہ رخ خان سے نہیں ملتی، میں کسی کی نقل نہیں کرتا، میری اپنی پہچان ہے۔







