تفصیلات کے مطابق اداکارہ مومنہ اقبال اور مسلم لیگ (ن) کے رکنِ صوبائی اسمبلی ثاقب چدھڑ کے درمیان تنازع سامنے آنے کے بعد مذہبی رہنما ناصر مدنی نے ایک تقریر کے دوران مومنہ اقبال کو تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔
انہوں نے اداکارہ پر سنگین الزامات عائد کیے تھے اور تنازع کی ذمہ داری بھی انہی پر ڈالی تھی۔
اس کے بعد مومنہ اقبال نے ناصر مدنی کے بیان پر شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے قانونی کارروائی کا عندیہ دیا اور 17 جون کو اپنی قانونی ٹیم کے ذریعے 17 کروڑ روپے ہرجانے کا نوٹس بھجوا دیا تھا۔
اداکارہ نے اپنے وکیل ایڈووکیٹ عدنان احسان خان کے ذریعے ناصر مدنی کو قانونی نوٹس جاری کرتے ہوئے مبینہ ہتک آمیز بیانات پر وضاحت، معذرت اور متعلقہ مواد ہٹانے کا مطالبہ کیا تھا۔
قانونی نوٹس میں مؤقف اختیار کیا گیا تھا کہ ناصر مدنی کی جانب سے مومنہ اقبال کے بارے میں دیے گئے بعض بیانات ان کی ساکھ، عزت اور پیشہ ورانہ زندگی کو نقصان پہنچانے کا باعث بنے ہیں۔
اداکارہ مومنہ اقبال کے حوالے سے متنازعہ بیان
— Muhammad Umair (@MohUmair87) June 25, 2026
علامہ ناصر مدنی نے اداکارہ سے معافی مانگ لی۔ https://t.co/JLuVgxVxmq pic.twitter.com/wSMLyVo3j0
نوٹس کے مطابق یہ ریمارکس ہتکِ عزت کے زمرے میں آتے ہیں، لہٰذا ان کی فوری تردید اور عوامی سطح پر معافی کا مطالبہ کیا گیا تھا۔ اداکارہ نے متنازع بیانات پر 17 کروڑ روپے ہرجانے کی ادائیگی کا مطالبہ بھی کیا تھا۔
تاہم گزشتہ روز ایک اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے ناصر مدنی نے مومنہ اقبال کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ اگر میری کسی بات سے آپ یا آپ کے اہلِ خانہ کو تکلیف پہنچی ہو تو میں اس پر غیر مشروط معافی مانگتا ہوں۔
انہوں نے اداکارہ کی بہن سمیت دیگر خواتین سے بھی اپیل کی کہ وہ سرگودھا میں جنسی زیادتی کے بعد قتل کی جانے والی بچی منتہا کے لیے انصاف کی آواز بلند کریں۔
ناصر مدنی کی جانب سے معافی اور معذرت کے بیان کے بعد تاحال اداکارہ مومنہ اقبال کی جانب سے کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا ہے۔







