سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی یہ مختصر ویڈیو دراصل برطانوی نشریاتی ادارے ’بی بی سی‘ کو دیے گئے ان کے ایک انٹرویو کا کلپ ہے۔
انیل کپور نے اکتوبر 2022 میں بی بی سی اردو کو لندن کے اسٹوڈیو میں انٹرویو دیا تھا، جس دوران انہوں نے رپورٹر سے بات چیت کرتے ہوئے پاکستان سے اپنے خاندانی تعلق پر گفتگو کی تھی۔
وائرل ہونے والی اس ویڈیو کو تین سال قبل بی بی سی اردو کے یوٹیوب چینل پر شیئر کیا گیا تھا، جس میں انیل کپور کو رپورٹر سے روانی کے ساتھ اردو میں بات کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔
مختصر ویڈیو میں انیل کپور، بی بی سی کے صحافی سے ان کے تعلق کے بارے میں پوچھتے ہیں، جس پر صحافی بتاتے ہیں کہ اگرچہ اب وہ لندن میں مقیم ہیں، تاہم ان کا اصل تعلق پاکستان کے شہر پشاور سے ہے۔
صحافی کی جانب سے پشاور کا ذکر کیے جانے پر انیل کپور نے بتایا کہ دراصل ان کے دادا کا تعلق بھی پشاور سے تھا۔انہوں نے مزید کہا کہ ان کے دادا پشاور کی لاہوٹی گلی کے علاقے میں رہائش پذیر تھے۔
بولی وڈ اداکار کی بات سن کر صحافی نے بھی پشاور میں اپنے علاقے کا نام بتایا اور ساتھ ہی انہیں وہاں آنے کی دعوت دی۔
پاکستانی صحافی کی اس دعوت پر انیل کپور نے کہا کہ وہ تو پاکستان جانے اور پشاور میں اپنے آباؤ اجداد کا گھر دیکھنے کے لیے مدتوں سے ترس رہے ہیں۔
انیل کپور اس سے قبل بھی کئی بار پاکستان سے اپنے خاندانی تعلق پر بات کر چکے ہیں اور مختلف مواقع پر اس بات کا اظہار کر چکے ہیں کہ وہ پاکستان آنے کے خواہش مند ہیں۔
سال 2016 میں بھی انہوں نے وائس آف امریکا اردو کو دیے گئے ایک انٹرویو میں پشاور سے اپنے تعلق اور پاکستان آنے کی خواہش کا ذکر کیا تھا۔
انیل کپور سمیت متعدد معروف انڈین اداکاروں کے آباؤ اجداد کا تعلق بھی پاکستان سے رہا ہے، اور کئی فنکار اس بارے میں کھل کر بات کرتے رہے ہیں۔
اس دور کے متعدد انڈین فنکاروں کے خاندان تقسیمِ ہند سے قبل موجودہ پاکستانی علاقوں میں آباد تھے، لیکن تقسیم کے بعد وہ ہجرت کرکے انڈیامنتقل ہوگئے۔







