ترک میڈیا کے مطابق ایجے ارتم پیر کے روز اپنے گھر میں بے ہوش پائی گئیں۔ رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ اس وقت وہ اپنی والدہ کے ہمراہ موجود تھیں جب انہیں اچانک طبی پیچیدگی کا سامنا کرنا پڑا۔ انہیں فوری طبی امداد فراہم کرنے کی کوشش کی گئی، تاہم وہ جانبر نہ ہو سکیں۔
اداکارہ کے وکیل اوغور گوک کویون نے بتایا کہ ابتدائی اطلاعات کے مطابق ان کی موت ممکنہ طور پر دل کا دورہ پڑنے کے باعث ہوئی، تاہم اصل وجہ کا تعین پوسٹ مارٹم رپورٹ آنے کے بعد کیا جائے گا۔ انہوں نے سوشل میڈیا پر زیر گردش خودکشی سے متعلق خبروں کو بھی بے بنیاد قرار دیا۔
ایجے ارتم نے اپنی وفات سے صرف ایک روز قبل اپنی 35 ویں سالگرہ منائی تھی، جس کے باعث ان کے اچانک انتقال کی خبر نے مداحوں کے غم میں مزید اضافہ کر دیا۔
14 جون 1991 کو ترکی کے شہر سیواس میں پیدا ہونے والی ایجے ارتم نے یاسار یونیورسٹی سے اوپیرا اور ووکل پرفارمنس کی تعلیم حاصل کی۔ بعد ازاں انہوں نے استنبول کے سعدی علیشک کلچرل سینٹر سے اداکاری کی تربیت حاصل کی اور فنونِ لطیفہ کے میدان میں اپنی شناخت بنائی۔
مزید پڑھیں: اسپائیڈر مین برینڈ نیو ڈے کی نئی تفصیلات سامنے آگئیں، پیٹر پارکر کو پراسرار خطرے کا سامنا
ان کی ناگہانی وفات پر مداحوں اور ساتھی فنکاروں کی جانب سے سوشل میڈیا پر تعزیتی پیغامات کا سلسلہ جاری ہے







