دونوں فنکاروں نے ایک مشترکہ ویڈیو پیغام جاری کیا، جس میں انہوں نے کہا کہ بعض یوٹیوبرز محض ویوز اور سوشل میڈیا پر توجہ حاصل کرنے کے لیے جھوٹی اور من گھڑت خبریں پھیلا رہے ہیں، جن کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں۔

توثیق حیدر نے مزاحیہ انداز میں کہا، "ہم تو خوشی خوشی شادی کر چکے ہیں، ہم خود یہ خبر دینا چاہتے تھے لیکن ہمارے نام نہاد محنتی یوٹیوبرز نے پہلے ہی بریک کر دی۔"

انہوں نے کہا کہ صبح آنکھ کھلی تو معلوم ہوا کہ ان کی فرح سعدیہ سے شادی ہو چکی ہے، یہاں تک کہ مصنوعی ذہانت  سے تیار کردہ دلہا دلہن کی تصاویر بھی سوشل میڈیا پر گردش کر رہی تھیں۔ انہوں نے طنزیہ انداز میں کہا کہ اگر ان خبروں سے کسی نے دو لاکھ روپے کمائے ہیں تو کم از کم پچاس ہزار روپے سلامی ہی بھیج دیں، کیونکہ ان کی وجہ سے ہی یہ آمدنی ہوئی ہے۔

توثیق حیدر نے مزید کہا کہ وہ اپنی زندگی سے مطمئن ہیں۔ ان کے بقول، "میں نے غیر شادی شدہ رہ کر یہ سیکھا کہ شادی نہیں کرنی چاہیے، جبکہ فرح نے شادی کے بعد یہ سیکھا کہ یہ ان کے لیے موزوں نہیں۔"

اداکارہ فرح سعدیہ نے بھی افواہوں پر حیرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جب انہوں نے یہ خبر سنی تو انہیں یقین ہی نہیں آیا۔ انہوں نے کہا کہ جھوٹی خبروں سے نہ صرف ان کی بلکہ ان کے اہلِ خانہ، بچوں اور والدین کو بھی غیر ضروری سوالات اور پریشانی کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔

مزید پڑھیں: ایک سال کی محنت سے تیار ساڑھی میں لکھنؤ کی روایتی چکن کاری کا شاہکار

فرح سعدیہ نے سوشل میڈیا صارفین اور کانٹینٹ کریئیٹرز سے اپیل کی کہ وہ ذمہ داری کا مظاہرہ کریں اور دوسروں کی ذاتی زندگیوں سے متعلق بے بنیاد خبریں پھیلانے سے گریز کریں۔ انہوں نے واضح کیا کہ وہ اور توثیق حیدر صرف اچھے دوست ہیں اور ہمیشہ دوست ہی رہیں گے۔

دونوں فنکاروں نے اس موقع پر جھوٹی خبروں کے بڑھتے ہوئے رجحان پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سوشل میڈیا پر معلومات شیئر کرنے سے قبل ان کی تصدیق کرنا انتہائی ضروری ہے تاکہ کسی کی ذاتی زندگی اور ساکھ متاثر نہ ہو۔