اکیڈمی ایوارڈ یافتہ اداکار کیلیئن مرفی ایک بار پھر گینگسٹر کنگ ٹومی شیلبی کے روپ میں جلوہ گر ہوئے ہیں۔ کہانی سیریز کے آخری سیزن کے کئی برس بعد کی ہے اور وقت نے ٹومی پر رحم نہیں کیا۔

ٹریلر میں وہ کہتے ہیں کہ ایک وقت تھا جب میں نے تقریباً سب کچھ حاصل کر لیا تھا… مگر تقریباً، کافی نہیں ہوتا۔

مرفی بتاتے ہیں کہ جب ناظرین دوبارہ ٹومی سے ملیں گے تو وہ پہلے سے بھی زیادہ ٹوٹا ہوا اور اندر سے خالی محسوس ہوگا۔ وہ ایک وسیع مگر ویران حویلی میں تنہائی کی زندگی گزار رہا ہے۔ نہ پوری طرح زندہ، نہ مکمل طور پر مردہ۔ وہ دنیا سے کٹا ہوا ہے اور اپنے خاندان سے بھی۔

مگر خاندان کی یادیں اب بھی اس کا پیچھا نہیں چھوڑتیں۔ ایک پراسرار خاتون، جس کا کردار اداکارہ ربیکا فرگوسن نے نبھایا ہے، اسے یاد دلاتی ہے کہ "تم ایک ایسے گھر میں رہتے ہو جسے بھوتوں نے گھیر رکھا ہے۔ تم نے اپنی سلطنت بھی چھوڑ دی اور اپنے بیٹے کو بھی کھو دیا۔

یہ بیٹا ہے ڈیوک شیلبی، جسے اداکار بیری کیوگن نے پردے پر زندہ کیا ہے۔ ڈیوک، ٹومی کا ناجائز بیٹا اور اس کی مجرمانہ سلطنت کا وارث ہے جو اب پیکی بلائنڈرز کی کمان سنبھال رہا ہے۔ اس کی پھوپھی ایڈا شیلبی، جس کا کردار سوفی رنڈل نے ادا کیا ہے، ٹومی کو بتاتی ہے کہ ڈیوک گینگ کو ایسے چلا رہا ہے جیسے ایک بار پھر انیس سو انیس کا زمانہ لوٹ آیا ہو۔

ڈیوک کا انداز بھی باپ سے کم خطرناک نہیں۔ وہ اعلان کرتا ہے کہ "دنیا کو میری پروا نہیں… اور مجھے دنیا کی بھی نہیں۔"

کہانی میں ایک اور خطرناک موڑ اس وقت آتا ہے جب ایک برطانوی فاشسٹ ہمدرد بیکٹ منظر پر آتا ہے، جسے اداکار ٹم روتھ نے ادا کیا ہے۔ بیکٹ نرم لہجے میں سخت نظریات کا پرچار کرتا ہے اور وہ ان کرداروں میں سے ہے جو دلیل کی آڑ میں خطرہ بن کر ابھرتے ہیں۔

ٹومی شیلبی کا فاشزم سے پرانا حساب ابھی چکتا نہیں ہوا۔ سیریز کے پچھلے ادوار میں وہ برطانوی یونین آف فاشسٹ کے خلاف اندرونی محاذ پر سرگرم رہا تھا۔ مگر اب، جب ایک اور عالمی جنگ کے سائے گہرے ہو رہے ہیں، ٹومی خود ساختہ جلاوطنی میں چلا گیا ہے۔

ایک کردار، جسے اداکار اسٹفن گراہم نے نبھایا ہے، اسے جھنجھوڑتا ہے کہ "میں نے سنا ہے تم نے طے کر لیا تھا کہ یہ تمہاری جنگ نہیں۔"

ٹومی کا مختصر مگر معنی خیز جواب ہوتا ہے کہ اب ہے۔

ٹریلر کے اختتام پر ٹومی ایک بار پھر گیریسن پب کے دروازے پر کھڑا دکھائی دیتا ہے، وہی پب جہاں سے اس کی طاقت کی کہانی شروع ہوئی تھی۔ سوال یہ ہے کہ کیا ٹومی شیلبی کا نام اب بھی برمنگھم کی سڑکوں پر وہی خوف اور احترام رکھتا ہے؟

فلم پیکی بلائنڈرز دا اممورٹل مین  نہ صرف ایک کردار کی واپسی ہے بلکہ ایک ایسے شخص کی آخری آزمائش بھی ہے، جس نے طاقت، سیاست اور جنگ کے بیچ اپنی روح کھو دی۔ اب دیکھنا یہ ہے کہ ٹومی شیلبی اپنی کھوئی ہوئی سلطنت واپس لے پاتا ہے یا ماضی کے سائے اسے ہمیشہ کے لیے نگل لیتے ہیں۔