انڈین میڈیا کے مطابق گزشتہ روز سلمان خان کو ممبئی کے ایک اسپتال سے باہر آتے دیکھا گیا، اس دوران اداکار کے گرد سخت سکیورٹی موجود تھی۔
تاہم موقع پر پاپارازی بھی موجود تھے، جو سلمان خان کو زور زور سے آوازیں دے کر تصاویر لینے کی کوشش کر رہے تھے۔
اس حوالے سے سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو بھی وائرل ہو رہی ہے، جس میں فوٹوگرافرز کو سلمان خان کو تصاویر کے لیے بلاتے دیکھا جا سکتا ہے۔ ویڈیو میں یہ بھی دیکھا گیا کہ اسپتال کے باہر موجود فوٹوگرافرز اداکار کو ایک آنکھ نہ بھائے اور انہوں نے غصے کا اظہار کرتے ہوئے کچھ اشارے بھی کیے۔
صرف یہی نہیں بلکہ سلمان خان نے فوٹوگرافرز پر اپنے غصے کا اظہار سوشل میڈیا پلیٹ فارم انسٹاگرام پر مختلف پوسٹس شیئر کر کے بھی کیا۔
ایک پوسٹ میں اداکار نے لکھا کہ اگر میں اسپتال میں کسی پریس والے کو میرے درد سے لطف اندوز ہوتے دیکھوں، اُس پریس کو جس کے لیے میں ہمیشہ کھڑا رہا، اُس سے بات چیت کی، اُس کی دیکھ بھال کی اور یہ یقینی بنایا کہ اُن کی روزی روٹی چلتی رہے، لیکن اگر وہ میرے نقصان سے پیسہ کمانا چاہتے ہیں تو پھر خاموش رہو، لطف نہ اٹھاؤ۔ تصویر اہم ہے یا زندگی؟
انہوں نے اپنی ایک اور پوسٹ میں لکھا کہ جب تمہارا کوئی اسپتال میں ہوگا تو کیا میں بھی ایسا ہی ردِعمل دوں گا؟
سلمان خان نے اپنی آخری پوسٹ میں لکھا کہ 60 سال کا ہو گیا ہوں لیکن لڑنا نہیں بھولا، یہ یاد رکھنا۔ جیل میں ڈالو گے؟ ہاہا۔






