بھارتی میڈیا کے مطابق نیتا امبانی نے اپنی فلاحی اور ثقافتی پہل سودیش انڈیا کی تیار کردہ قدیم موو رنگ کی شیفون ساڑھی زیب تن کی، جس میں لکھنؤ کی صدیوں پرانی چکن کاری کا شاہکار پیش کیا گیا تھا۔
یہ ساڑھی لکھنؤ سے تعلق رکھنے والی ماہر دستکار انجنی کشیپ نے روایتی دو تار چکن کاری تکنیک کے ذریعے ایک سال کی محنت سے تیار کی۔ ساڑھی میں جالی، مُرّی، گھاس پٹی اور بلدا جیسی باریک اور پیچیدہ دستکاری شامل تھی۔
نیتا امبانی نے ساڑھی کے ساتھ معروف فیشن ڈیزائنر منیش ملہوترا کا تیار کردہ آرگنزا اور لیس کا بلاؤز پہنا، جس کے رفلز اور پلیٹس ساڑھی کی نفیس کڑھائی سے ہم آہنگ دکھائی دے رہے تھے۔
مزید پڑھیں: دنیا 150 سال پرانا کونسا کی بورڈ لے آؤٹ استعمال کر رہی ہے؟
انہوں نے اپنے انداز کو سادہ مگر پُروقار رکھتے ہوئے ہیرے کے جھمکے، کنگن، انگوٹھی اور گھڑی کا انتخاب کیا، جبکہ بالوں کے جوڑے کو جامنی گلابوں سے سجایا گیا تھا۔
فیشن ماہرین کے مطابق نیتا امبانی کا یہ انتخاب نہ صرف بھارتی روایتی دستکاری کی خوبصورتی کو اجاگر کرتا ہے بلکہ مقامی فنکاروں اور دستکاروں کے کام کو عالمی سطح پر متعارف کرانے کی کوششوں کی بھی عکاسی کرتا ہے۔







