محکمہ موسمیات کے مطابق بحیرہ عرب کے شمال مشرقی حصے میں موجود موسمیاتی سسٹم شدت اختیار کر رہا ہے جو ڈپریشن سے ڈیپ ڈپریشن میں تبدیل ہو چکا ہے۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ اگر یہ سسٹم طوفان میں تبدیل ہوا تو اس کا نام  شکتی  رکھا جائے گا۔ یہ نام سری لنکا کی جانب سے تجویز کیا گیا ہے جس کا مطلب طاقت ہے۔ اس طوفان کے شدید سمندری طوفان میں تبدیل ہونے کا بھی امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق یہ سسٹم کراچی کے جنوب میں تقریبا 400 کلومیٹر کے فاصلے پر واقع ہے۔ سسٹم کے زیر اثر سمندر میں شدید طغیانی متوقع ہے اور اس کے اثرات پانچ یا چھ اکتوبر تک بحیرہ عرب میں موجود رہ سکتے ہیں۔


متعلقہ حکام کی جانب سے سندھ کے ماہی گیروں کو تین اکتوبر تک سمندر میں نہ جانے کی ہدایت جاری کی گئی ہے۔ اس دوران کراچی سمیت سندھ کے مختلف علاقوں میں ہلکی بارش کا امکان بھی ظاہر کیا گیا ہے۔

محکمہ موسمیات صورتحال پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہے اور اس بارے میں مزید اپڈیٹس فراہم کی جاتی رہیں گی۔ عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ افواہوں سے گریز کریں اور صرف مستند ذرائع سے حاصل شدہ معلومات پر انحصار کریں۔