ہدایتکار یاسر حسین نے انسٹاگرام اسٹوری پر لکھا کہ یہ ڈھکن گٹر پر نہیں، کرپشن پر لگانا ہوگا، پاکستان زندہ باد۔
اس سے قبل معروف اداکارہ ماہرہ خان نے بچے کی موت اور اس کی والدہ کی بے بسی پر روتی ہوئی ویڈیو دیکھ کر شدید دکھ اور افسوس کا اظہار کیا تھا۔
واضح رہے کہ اتوار کو کراچی کے علاقے گلشنِ اقبال میں نیپا چورنگی کے قریب ایک کھلے مین ہول میں گر کر جاں بحق ہونے والے تین سالہ بچے کی لاش 14 گھنٹے بعد ایک کلو میٹر دور نالے سے ملی تھی۔
بچے کی کھلے مین ہول میں گرنے سے ہونے والی ہلاکت نے شہر بھر میں غم و غصہ پیدا کر دیا اور شہریوں نے سندھ حکومت اور میئر کراچی کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا، یہ سوال ایک بار پھر اٹھا کہ آخر مین ہولز پر ڈھکن کیوں نہیں لگائے جا سکے۔
واضح رہے کہ رواں سال کراچی میں پانچ بچوں سمیت 24 شہری کھلے نالوں اور گٹروں میں گر کر جان کی بازی ہار چکے ہیں، لیکن متعلقہ ادارے تاحال ایسا مؤثر نظام وضع نہیں کر پائے جو شہریوں کو ایسی ناگہانی اور قابلِ گریز اموات سے محفوظ رکھ سکے۔







