بشریٰ انصاری نے انسٹاگرام پر اب سوشل میڈیا پر بھکاری میری جعلی آئی ڈیز استعمال کر رہے ہیں، براہِ کرم انہیں فالو نہ کریں کے عنوان کے سے ایک ویڈیو پوسٹ کی۔
ویڈیو میں انہوں نے ان جعلی اکاؤنٹس پر شدید غصے کا اظہار کیا جو ان کے نام سے چل رہے ہیں اور انسٹاگرام سے لی گئی تصاویر کے ذریعے لوگوں سے بھیک مانگ رہے ہیں۔ کچھ اکاؤنٹس یہ دعویٰ کر رہے ہیں کہ جمعرات غریبوں کی مدد کا مذہبی دن ہے، جب کہ بعض یہ کہہ رہے ہیں کہ وہ غریبوں اور بیواؤں کی مدد کے لیے این جی او بنا رہے ہیں۔
انہوں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس دنیا میں بے غیرتوں کی کوئی کمی نہیں ہے۔
ویڈیو میں بشریٰ انصاری نے ایک تازہ جعلی اکاؤنٹ کی نشاندہی بھی کی، جس میں ان کی نئی تصویر استعمال کی گئی تھی، وہی تصویر جس میں وہ پیشانی پر بندی لگائے نظر آ رہی تھیں۔
انہوں نے لوگوں کو خبردار کیا کہ اس دھوکے میں نہ آئیں اور یاد دلایا کہ وہ اس مسئلے پر پہلے بھی آواز اٹھا چکی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ میں پہلے بھی ویڈیو بنا چکی ہوں کہ میری جعلی آئی ڈیز کو فالو نہ کریں۔ پرسوں میری ایک نئی تصویر تھی جس میں میں نے پیشانی پر بندی لگائی ہوئی تھی، اسی تصویر کے ساتھ بھی ایک جعلی اکاؤنٹ بنا دیا گیا ہے۔ پتا نہیں کیسے، یہ لوگ میری نجی تصاویر انسٹاگرام سے لے لیتے ہیں اور پھر ان کے ذریعے پیسے مانگتے ہیں۔
بشریٰ انصاری نے کہا کہ وہ ان جعلی صفحات کو بار بار رپورٹ اور بلاک کرتی ہیں، مگر یہ سلسلہ ختم ہونے کا نام نہیں لیتا۔
انہوں نے واضح کیا کہ اگر وہ کبھی کسی کی مدد کرتی ہیں تو خاموشی سے کرتی ہیں اور انہوں نے زندگی میں کبھی کسی سے قرض یا ادھار نہیں لیا۔






